بدھ، 26-اگست،2026
بدھ 1448/03/13هـ (26-08-2026م)

پمز اسپتال میں آگ پھیلنے کی وجہ آکسیجن سپلائی بنی، طارق فضل چوہدری

26 اگست, 2026 13:40

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بتایا ہے کہ پمز اسپتال میں آگ صبح پونے 7 بجے لگی۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی۔

پمز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسری میں موجود بچوں کو بچانے کی کوشش کی گئی، تاہم آگ انتہائی تیزی سے پھیل گئی۔ صرف ایک نومولود بچے کو بحفاظت نکالا جا سکا، جبکہ 14 بچے جانبر نہ ہوسکے۔

طارق فضل چوہدری کے مطابق حادثے کے وقت نرسری میں دو ڈاکٹرز، دو نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف موجود تھا۔ آگ آئی سی یو کے اندر تیزی سے پھیلی، جس کے باعث عملے کو امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نرسری میں آکسیجن کی لائنز موجود تھیں اور آگ کے تیزی سے پھیلنے کی ایک وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات کا تعین تحقیقات کے بعد ہی کیا جاسکے گا۔

حکام کی جانب سے مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وفاقی حکومت نے واقعے میں غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں کسی فرد یا ادارے کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔ ایسے واقعات میں ذمہ داری کا تعین ضروری ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کا سانحہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔