نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سہولت دینے پر غور

شہریوں کو ایک ہی چھت تلے شناختی دستاویز اور پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
حکام نے نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سے متعلق خدمات کی فراہمی کے امکانات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے نادرا ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں اداروں کے درمیان تعاون مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کے لیے خدمات کو آسان بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ اس مقصد کے لیے منتخب نادرا مراکز پر پاسپورٹ درخواست اور پراسیسنگ سے متعلق ماڈیولز نصب کرنے کے معاملے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری محکموں کے دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور زیادہ سہل انداز میں سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے پاسپورٹ سے متعلق خدمات کی فراہمی کے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
دونوں اداروں کے حکام نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈیجیٹل نظام کو مزید بہتر بنانے اور موبائل ایپ کے ذریعے عوامی سہولیات میں اضافے پر بھی گفتگو کی۔
ملاقات میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان باہمی تعاون، ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور پالیسی اصلاحات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
نادرا اور امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے سینئر افسران نے عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کے لیے مشترکہ اقدامات اور مستقبل کی اصلاحاتی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے عوام کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ جاتی تعاون اور ڈیجیٹل نظام میں بہتری کے ذریعے شہریوں کے لیے سرکاری خدمات کے حصول کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












