جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہریانوی گلوکار انکت بالیان جم کے باہر قتل

27 اگست, 2026 11:14

بھارت میں ہریانوی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعہ ریاست اتر پردیش میں پیش آیا، جہاں حملہ آوروں نے جم سے باہر نکلنے والے گلوکار کو نشانہ بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بدھ کی شام کوتوالی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے انکت بالیان پر اچانک فائرنگ کردی۔

رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں نے گلوکار پر 18 گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرکے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔

انکت بالیان سوشل میڈیا پر بھی خاصے معروف تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ان کے یوٹیوب چینل کے 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد سبسکرائبرز تھے۔ وہ اپنی ویڈیوز میں متعدد معروف گلوکاروں، فنکاروں اور پرفارمرز کے ساتھ بھی نظر آتے تھے۔

مقتول کی بعض ویڈیوز میں اسلحہ، فائرنگ اور مہنگی گاڑیوں کی نمائش بھی دیکھی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ انکت بالیان آئندہ پنچایتی انتخابات میں حصہ لینے کی تیاری کررہے تھے، تاہم پولیس یا ان کے قریبی ساتھیوں کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انکت بالیان کے قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکت بالیان پر 18 راؤنڈ فائر کیے گئے۔ انہوں نے اتر پردیش میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قتل کی تحقیقات میں ممکنہ سیاسی دشمنی کے پہلو کو بھی شامل کیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق جٹ برادری میں بھی واقعے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔