جمعرات، 27-اگست،2026
جمعرات 1448/03/14هـ (27-08-2026م)

گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں مل کر طے کرنا غیر قانونی قرار

27 اگست, 2026 14:55

سپریم کورٹ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں کاروباری اداروں کی جانب سے اجتماعی طور پر طے کرنے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو 3 کروڑ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس صلاح الدین پنہور پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے فیصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن کے خلاف پرائس فکسنگ سے متعلق کارروائی کی توثیق کردی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں مسابقتی کاروباری اداروں کی جانب سے اجتماعی طور پر طے کرنا کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 4 کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کے مطابق ہر کاروباری ادارے کو اپنی قیمتیں آزادانہ طور پر مقرر کرنا ہوں گی۔

عدالت نے واضح کیا کہ تجارتی ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم پر مل کر قیمتیں طے کرنا بھی آزادانہ مسابقت کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔ قیمت کم ہونے کی صورت میں بھی کاروباری اداروں کا اجتماعی طور پر قیمت مقرر کرنا قانوناً جائز نہیں۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر کم قیمت صارفین کے لیے فائدہ مند بھی ہو تب بھی اجتماعی پرائس فکسنگ کو قانونی جواز نہیں دیا جاسکتا۔ عوامی مفاد کا حوالہ بھی مسابقتی قوانین کی خلاف ورزی کو درست قرار دینے کے لیے کافی نہیں۔

عدالت کے مطابق ہر کاروباری ادارے کو اپنی تجارتی ضروریات، اخراجات اور کاروباری حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمت کا آزادانہ تعین کرنا ہوگا۔ مشترکہ طور پر قیمت مقرر کرنا آزاد مسابقتی نظام کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

سپریم کورٹ نے سی سی پی اور کمپٹیشن اپیلیٹ ٹربیونل کے بنیادی نتائج کی توثیق کرتے ہوئے قرار دیا کہ سی سی پی کو بائی پاس کرکے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ذریعے قیمتوں کے معاملے پر اجتماعی مشاورت بھی قانون کی خلاف ورزی کا باعث بنی۔

عدالت نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کے اجتماعی تعین سے متعلق سی سی پی کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو 3 کروڑ روپے جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔