جمعرات، 3-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/20هـ (02-09-2026م)

اداکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

28 اگست, 2026 10:30

ہالی ووڈ کے معروف برطانوی اداکار اور گلوکار ٹم کری 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ ’دی راکی ہارر پکچر شو‘ میں فرینک این فرٹر اور اسٹیفن کنگ کے ناول ’اٹ‘ کے 1990 کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کے کردار کے لیے دنیا بھر میں مشہور تھے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹم کری نے لاس اینجلس کے علاقے ٹولوکا لیک میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ان کے منیجر اور دیرینہ دوست مارشیا ہروٹز نے اداکار کی موت کی تصدیق کی۔

لاس اینجلس پولیس کے مطابق رات گئے ایک 80 سالہ شخص کی موت کی اطلاع پر اہلکار بھی موقع پر پہنچے تھے۔

ٹم کری کو 2012 میں شدید فالج کا حملہ ہوا تھا، جس کے بعد انہیں وہیل چیئر استعمال کرنا پڑی۔ تاہم صحت کے مسائل کے باوجود انہوں نے فنونِ لطیفہ سے اپنا تعلق برقرار رکھا اور بعد کے برسوں میں بالخصوص وائس ایکٹنگ سمیت مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔

انہوں نے فلمی کنونشنز میں شرکت کا سلسلہ بھی جاری رکھا جبکہ گزشتہ برس اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’Vagabond‘ شائع کی، جس میں انہوں نے اپنے طویل فنی سفر کے مختلف پہلوؤں کو قلم بند کیا۔

ٹم کری نے 1973 میں لندن کے رائل کورٹ تھیٹر میں ’The Rocky Horror Show‘ کے اسٹیج ورژن میں فرینک این فرٹر کا کردار ادا کرکے شائقین کی توجہ حاصل کی۔ 1975 میں اسی میوزیکل کی فلمی شکل ’The Rocky Horror Picture Show‘ میں بھی انہوں نے یہی کردار ادا کیا اور اپنی منفرد اداکاری سے اسے امر کردیا۔

فلم کو ابتدائی طور پر سینما گھروں میں خاطر خواہ کامیابی نہیں مل سکی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک کلٹ کلاسک بن گئی اور دنیا بھر میں اس کے مداحوں کی بڑی تعداد پیدا ہوئی۔ فلم نے طویل عرصے تک سینما گھروں میں نمائش جاری رہنے کا بھی منفرد ریکارڈ قائم کیا۔

ٹم کری کا ایک اور یادگار کردار 1990 میں سامنے آیا جب انہوں نے اسٹیفن کنگ کے مشہور ہارر ناول ’It‘ کے ٹی وی ورژن میں خوفناک مسخرے پینی وائز کا کردار ادا کیا۔ ان کی خوفناک اداکاری نے اس کردار کو ہارر شائقین کے درمیان انتہائی مقبول بنا دیا۔

ان کے دیگر نمایاں فلمی کرداروں میں ’The Hunt for Red October‘، ’Scary Movie 2‘، ’Home Alone 2‘، ’Legend‘، ’Clue‘ اور ’Annie‘ شامل ہیں۔

ٹم کری نے فلم اور ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ تھیٹر میں بھی نمایاں مقام بنایا۔ انہیں براڈوے کے معروف ٹونی ایوارڈ کے لیے تین مرتبہ نامزد کیا گیا۔

1981 میں ’Amadeus‘ میں موزارٹ کے کردار پر انہیں پہلی ٹونی نامزدگی ملی، جبکہ بعد ازاں ’My Favourite Year‘ اور ’Spamalot‘ میں اداکاری پر بھی انہیں ٹونی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔ ’Spamalot‘ میں انہوں نے کنگ آرتھر کا کردار ادا کیا تھا۔

ٹم کری نے اپنی کئی دہائیوں پر محیط فنی زندگی میں تھیٹر، فلم، ٹیلی ویژن اور وائس ایکٹنگ سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنے منفرد کرداروں کے ذریعے دنیا بھر کے شائقین کے دلوں میں ایک مستقل مقام بنایا۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔