جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، مخصوص ملازمین کو خصوصی الاؤنس دینے کا فیصلہ

28 اگست, 2026 11:15

وفاقی حکومت نے کم تنخواہ لینے والے مخصوص سرکاری ملازمین کی آمدن میں اضافے کے لیے خصوصی الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ایسے ملازمین کی تنخواہ کم از کم مقررہ حد 40 ہزار 700 روپے کے برابر کی جائے گی۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے وفاقی سطح پر کم از کم تنخواہ 40 ہزار 700 روپے مقرر کی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق جن وفاقی سول ملازمین اور مختلف اداروں میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہ اس حد سے کم ہے، انہیں خصوصی الاؤنس کے ذریعے مقررہ کم از کم تنخواہ کی سطح تک لایا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق خصوصی الاؤنس کا اطلاق مالی سال 2026-27 کے آغاز یعنی جولائی 2026 سے ہوگا اور یہ اگلے احکامات تک جاری رہے گا۔ تاہم الاؤنس کی ادائیگی کے لیے مخصوص شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔

خصوصی الاؤنس انکم ٹیکس کے قوانین کے تابع ہوگا۔ عام رخصت کے دوران یہ الاؤنس قابلِ ادائیگی رہے گا جبکہ ریٹائرمنٹ سے قبل چھٹی کی تیاری یعنی LPR کے دوران بھی ملازمین کو الاؤنس ملتا رہے گا۔

دوسری جانب غیر معمولی رخصت پر جانے والے ملازمین اس خصوصی الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔ اسی طرح بیرون ملک تعینات یا ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دینے والے وفاقی ملازمین کو بھی اس مدت کے دوران الاؤنس ادا نہیں کیا جائے گا۔

تاہم بیرون ملک تعیناتی یا ڈیپوٹیشن مکمل کرکے پاکستان واپس آنے کے بعد متعلقہ ملازمین کو دوبارہ اسی شرح اور رقم کے مطابق خصوصی الاؤنس دیا جائے گا جس کے وہ پاکستان میں خدمات انجام دینے کی صورت میں حقدار ہوتے۔

وزارت خزانہ نے اس سلسلے میں متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران کم از کم تنخواہ میں اضافے اور خصوصی الاؤنس کی وجہ سے پیدا ہونے والے اضافی مالی اخراجات اپنے موجودہ بجٹ میں مختص فنڈز سے پورے کیے جائیں۔

اس اقدام کے نتیجے میں کم تنخواہ لینے والے اہل وفاقی ملازمین کی ماہانہ آمدن میں اضافہ ہوگا اور ان کی تنخواہ مقررہ کم از کم حد کے برابر لانے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔