جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

سرکاری امداد کے نام پر بیوہ خواتین سے 1500 روپے وصول کرنے کا انکشاف

28 اگست, 2026 11:30

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) اور وزیراعلیٰ پنجاب کی مالی امداد کے نام پر بیوہ خواتین سے مبینہ طور پر 1500 روپے فی کس وصول کیے جانے کا معاملہ سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ فراڈ میں خواتین سے سرکاری امداد کی رجسٹریشن اور درخواست کی پراسیسنگ کے نام پر رقم وصول کی گئی، جبکہ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے ان کے انگوٹھوں کے نشانات بھی لیے گئے۔

متاثرہ خواتین کو مبینہ طور پر بتایا گیا کہ انہیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے منسوب ایک اسکیم کے تحت ایک لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بھی 13 ہزار روپے ملیں گے۔

تاہم متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری مالی امداد حاصل کرنے یا کسی سرکاری پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے 1500 روپے فیس مقرر نہیں کی گئی۔ شہریوں سے اس نوعیت کی رقم طلب کرنا مشکوک اور غیر مجاز عمل ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر فراڈ میں ملوث افراد کے پاس مختلف سرکاری نوعیت کے فارم اور بائیومیٹرک ڈیوائس بھی موجود تھی۔ خواتین سے رقم وصول کرنے کے بعد ان کے انگوٹھوں کے نشانات لیے گئے، جس پر حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، نگہبان کارڈ اور دیگر سرکاری امدادی پروگراموں کے تحت مالی معاونت غیر سرکاری ایجنٹوں کو فیس ادا کرکے حاصل نہیں کی جاتی۔ شہری ایسے افراد سے محتاط رہیں جو رجسٹریشن، بائیومیٹرک تصدیق یا امدادی رقم جاری کرنے کے نام پر پیسے طلب کریں۔

خصوصاً بیوہ خواتین اور دیگر مستحق افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی غیر مجاز شخص کو رقم، بائیومیٹرک معلومات، شناختی کارڈ یا دیگر ذاتی دستاویزات فراہم نہ کریں۔

حکام کے مطابق متاثرہ خواتین سے مبینہ طور پر وصول کی گئی رقم واپس دلانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ تحقیقات کے دوران الزامات ثابت ہونے کی صورت میں مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سرکاری امدادی پروگراموں سے متعلق کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ سرکاری اداروں کو اطلاع دیں اور غیر مجاز افراد کے ذریعے مالی امداد حاصل کرنے کی کوشش سے گریز کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔