جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

سندھ حکومت کا 149 نئی سرکاری آسامیوں پر بھرتی کا اعلان، خواتین کیلئے بھی مواقع

28 اگست, 2026 13:00

سرکاری ملازمت کے منتظر امیدواروں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے، جہاں حکومت سندھ نے مختلف شعبوں میں 149 نئی آسامیوں پر بھرتی کا اعلان کردیا ہے۔ ان آسامیوں میں افسران، آئی ٹی ماہرین، فیلڈ اسٹاف، تکنیکی ماہرین اور معاون عملے کے لیے مختلف عہدے شامل ہیں۔

یہ بھرتیاں سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے سوشل پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے تحت قائم ’پروجیکٹ مینجمنٹ اینڈ امپلیمنٹیشن یونٹ‘ کے لیے کی جارہی ہیں۔ مجموعی آسامیوں میں سے 22 ہیڈ آفس جبکہ 127 مختلف اضلاع کے دفاتر کے لیے مختص کی گئی ہیں۔

تمام تقرریاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر ہوں گی جبکہ منصوبے کو عالمی بینک کی آئی ڈی اے فنانسنگ کے ذریعے معاونت حاصل ہے۔

ہیڈ آفس کی 22 آسامیوں میں آئی ٹی انفراسٹرکچر ہیڈ، سافٹ ویئر ڈویلپر، ڈیٹا سینٹر آفیسر، سسٹم اینالسٹ، جنرل منیجر آپریشنز، پیمنٹ آفیسر، پروگرام آفیسر اور ٹریننگ کوآرڈینیٹر سمیت مختلف عہدے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آڈٹ آفیسر کی 2، ریسرچ آفیسر کی 3، اکاؤنٹس و آڈٹ اسسٹنٹ، مینیجر ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن، سیکریٹری ٹو پروجیکٹ ڈائریکٹر، ایڈمنسٹریشن اسسٹنٹ، ڈسپیچ رائیڈر، گارڈنر اور سویپر سمیت دیگر پوسٹیں بھی دستیاب ہیں۔

ضلعی دفاتر کے لیے اعلان کردہ 127 آسامیوں میں ڈسٹرکٹ سوشل پروٹیکشن کوآرڈینیٹر، فیلڈ سپروائزر، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن افسر، فیلڈ افسر، ڈسٹرکٹ ایم آئی ایس/جی آر ایم افسر، ڈسٹرکٹ ایڈمن و فنانس افسر، ڈرائیور، نائب قاصد اور سویپر کی پوسٹیں شامل ہیں۔

خواتین امیدواروں کے لیے بھی متعدد مواقع رکھے گئے ہیں۔ خواتین کے لیے فیلڈ سپروائزر کی 18، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن افسر کی 18 اور فیلڈ افسر کی 17 آسامیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ مرد امیدواروں کے لیے فیلڈ افسر کی 8 پوسٹیں موجود ہیں۔

ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ سوشل پروٹیکشن کوآرڈینیٹر کی 8، ڈسٹرکٹ ایم آئی ایس/جی آر ایم افسر کی 13، ڈسٹرکٹ ایڈمن و فنانس افسر کی 10، ڈرائیور کی 9، نائب قاصد کی 9 اور سویپر کی 17 آسامیاں بھی شامل ہیں۔

پیشہ ورانہ، تکنیکی اور انتظامی نوعیت کی بیشتر آسامیوں کے لیے متعلقہ شعبے میں 16 سالہ تعلیم درکار ہوگی، جبکہ ڈگری ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی سے حاصل کردہ ہونا ضروری ہے۔

سینئر عہدوں کے لیے متعلقہ شعبے میں تجربہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کی مدت مختلف پوسٹوں کے لحاظ سے تقریباً دو سال سے 10 سال تک ہوسکتی ہے۔ ضلعی اور فیلڈ کی آسامیوں کے لیے سماجی علوم، معاشیات، بزنس ایڈمنسٹریشن، پبلک ایڈمنسٹریشن، انفارمیشن سسٹمز یا متعلقہ شعبوں میں تعلیم رکھنے والے امیدوار درخواست دے سکتے ہیں۔

ہر عہدے کے لیے تعلیمی قابلیت، تجربے اور دیگر شرائط مختلف ہیں، اس لیے امیدواروں کو درخواست جمع کرانے سے قبل متعلقہ پوسٹ کی مکمل اہلیت ضرور چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ حکومت کی ان نوکریوں کے لیے درخواستیں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) کے ذریعے آن لائن وصول کی جائیں گی۔ امیدواروں کو سرکاری اشتہار کی اشاعت کے 15 دن کے اندر NTS کی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کرانا ہوگی۔

درخواستیں صرف آن لائن وصول کی جائیں گی، اس لیے امیدواروں کو فارم یا معاون دستاویزات کی ہارڈ کاپی بھیجنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

149 آسامیوں میں آئی ٹی، مینجمنٹ، فیلڈ ورک، سماجی تحفظ اور معاون عملے سمیت مختلف شعبوں کے مواقع شامل ہیں، جس سے مختلف تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے امیدواروں کے لیے ملازمت کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

امیدوار درخواست دینے سے پہلے اپنی مطلوبہ پوسٹ کی تعلیمی قابلیت، تجربے اور دیگر شرائط کا بغور جائزہ لیں، کیونکہ مقررہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔