جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ؛ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھنے لگی

28 اگست, 2026 15:55

عوام کو مہنگائی سے ریلیف نہ مل سکا، ہفتہ وار بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح بھی 9 فیصد سے تجاوز کرگئی۔

حالیہ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.05 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.04 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ہفتہ وار بنیادوں پر عوام کی جیب پر سب سے زیادہ اثر ایندھن اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے پڑا۔

اعدادوشمار کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 3.46 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈیزل 2.44 فیصد اور پٹرول 1.71 فیصد مہنگا ہوگیا۔

بجلی کے نرخوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور پہلے سلیب کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت 2.06 فیصد بڑھ گئی۔

دوسری جانب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک ہفتے کے دوران چنے کی دال 0.88 فیصد اور گندم کا آٹا 0.39 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ فارم کے انڈے، سرسوں کا تیل، مسور اور ماش کی دالیں، تیار چائے، بیف اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی صورتحال مزید تشویشناک نظر آتی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں پیاز کی قیمت میں 125.86 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ آٹا 45.28 فیصد مہنگا ہوچکا ہے۔

اسی طرح سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 55.66 فیصد، ڈیزل میں 36.33 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں 29.84 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ ایندھن، بجلی اور بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کے روزمرہ اخراجات مزید بڑھا دیے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔