جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

حیدان بلاک اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سندھ کو دی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کا وفاق سے مطالبہ

28 اگست, 2026 14:40

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات میں صوبے کے گیس فیلڈز اور آئینی حقوق کا مطالبہ کر دیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر توانائی پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ میں گیس کی پیداوری صورتحال اور توانائی کے شعبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم حامد شیخ، ایڈیشنل سیکریٹری ظفر عباس، ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی امین راجپوت اور ایم ڈی پی ایس او جواد چیما سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران حیدان بلاک، اسٹرینڈڈ اور ڈورمنٹ گیس فیلڈز کے علاوہ سوہو اور کندھ کوٹ گیس فیلڈز کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے حیدان بلاک سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا 149 نئی سرکاری آسامیوں پر بھرتی کا اعلان، خواتین کیلئے بھی مواقع

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس بلاک کی الاٹمنٹ کے لیے سندھ حکومت پہلے ہی متعدد خطوط لکھ چکی ہے لیکن وفاقی فیصلہ تاحال زیرِ التوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں صنعتی ترقی کے لیے اسٹرینڈڈ اور ڈورمنٹ گیس فیلڈز سندھ حکومت کے حوالے کرنا بہترین اقدام ہوگا تاکہ صنعتوں کو توانائی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

مراد علی شاہ نے زور دیا کہ سوہو دریافت اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت سندھ کو دی جائے کیونکہ سندھ ملک میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے اور اس کے آئینی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے صوبائی حکومت کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ کے گیس وسائل سے متعلق تجاویز اور مؤقف کو وفاق میں پوری اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حیدان بلاک اور گیس الاٹمنٹ کے زیرِ التوا امور کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے باہمی تعاون سے توانائی بحران کا حل ممکن ہے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے خدیجی بیس کیمپ کی زمین اور نئے گیس کنکشنز کا بھی جائزہ لیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی محکموں کو ایس ایس جی سی کے التوا میں پڑے مسائل جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔