جماعت اسلامی کا 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال اور کوئٹہ میں بھی دھرنے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے لاہور کے مال روڈ پر جاری دھرنے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کل سے کوئٹہ میں بھی دھرنے کا آغاز کر رہی ہے، جہاں بلوچستان کے عوام کے درپیش سنگین مسائل اور ان کے پائیدار حل پر مفصل بات چیت کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں پشاور سمیت مختلف اہم مقامات پر احتجاجی دھرنے پہلے ہی سے جاری ہیں اور اب یہ تحریک پورے ملک میں پھیل چکی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے 3 ستمبر کو تاریخی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج فیصل آباد میں ایک بڑا اور تاریخی جلسہ کیا جائے گا، جبکہ کل لاہور اور اگلے روز راولپنڈی کے لیاقت باغ میں عوام کا سمندر اکٹھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے ساتھ مسلسل رابطہ کیا جا رہا ہے اور انہیں بھی اس ملک گیر ہڑتال میں مکمل طور پر شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : حیدان بلاک اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سندھ کو دی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کا وفاق سے مطالبہ
امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو اب یہ بات اچھی طرح سمجھ آ جانی چاہیے کہ عوام کی یہ تحریک اب کسی صورت پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے کیونکہ اس میں نوجوان بہت بڑی تعداد میں شامل ہو رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے ملک بھر میں جاری بدترین اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے اور دھرنے کے اہم مطالبات میں لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک میں کاروبار کو مکمل تباہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ جماعت اسلامی کے احتجاج کی وجہ سے حکومت کی جانب سے ڈیزل کی مد میں کی جانے والی دھاندلی کھلم کھلا سامنے آئی ہے کیونکہ لوکل ڈیزل پر ریفائنری کے اضافی چارجز وصول کیے جا رہے ہیں۔
پمز اسپتال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کی انتظامی کارکردگی کا پول کھل چکا ہے اور ملک پر مسلط تینوں اقتدار پرست جماعتیں آپس میں بیٹھ کر صرف نورا کشتی کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی طرف مارچ اور دھرنے کی کال دینے کے حوالے سے مشاورت جاری ہے کہ یہ کال 3 ستمبر کی ہڑتال سے پہلے دی جائے یا اس کے بعد۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










