ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کا الرٹ جاری

29 اگست, 2026 09:37

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے پیش نظر متعلقہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ دونوں صوبوں کے مختلف اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ بھی بارشوں سے متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

اتھارٹی نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ اس کے علاوہ برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ممکنہ بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش متوقع ہے۔

یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں اور بعض اضلاع میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔

پنجاب کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان برقرار ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک یا مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔