ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

آسٹریلیا ورک ویزا حاصل کرنے کے لیے پاکستانیوں کی اہلیت کیا ہے؟

29 اگست, 2026 11:00

پاکستانی نوجوانوں کی بڑی تعداد روزگار کے بہتر مواقع کی تلاش میں بیرونِ ملک جانے کی خواہش رکھتی ہے، جبکہ لاکھوں پاکستانی پہلے ہی مختلف ممالک میں ملازمتیں کر رہے ہیں اور ملک کو قیمتی زرمبادلہ بھیج رہے ہیں۔

آسٹریلیا میں ملازمت کے لیے ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اہلیت اور ضروری شرائط سے متعلق رہنمائی جاری کی ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق آسٹریلیا کا ہنر مند ورک ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کو درخواست کا عمل شروع کرنے سے قبل آسٹریلوی محکمہ داخلہ کے آفیشل پوائنٹس کیلکولیٹر کے ذریعے اپنی ابتدائی اہلیت جانچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

پوائنٹس کیلکولیٹر کے ذریعے درخواست دہندگان مقررہ انتخابی معیار کے مطابق اپنے پوائنٹس کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ آیا وہ متعلقہ ہنر مند ویزا کیٹیگری کے لیے مقررہ پوائنٹس کی حد پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔

بیورو کے مطابق صرف مطلوبہ پوائنٹس حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ درخواست دہندگان کو آسٹریلوی محکمہ داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ دیگر لازمی شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔

ان شرائط میں صحت اور کردار سے متعلق تقاضے، انگریزی زبان میں مطلوبہ مہارت، بائیو میٹرک اندراج جہاں ضروری ہو، اور متعلقہ پیشے یا مہارت کی اسیسمنٹ کے تقاضے شامل ہیں۔

درخواست دہندگان کو ویزا درخواست کے ساتھ مکمل، درست اور قابلِ تصدیق معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ تمام متعلقہ دعووں اور معلومات کی حمایت مستند دستاویزات کے ذریعے کرنا بھی ضروری ہے۔

حکام نے خبردار کیا ہے کہ درخواست میں غلط یا گمراہ کن معلومات فراہم کرنے یا آسٹریلوی امیگریشن قوانین کے تحت مقررہ تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں ویزا درخواست مسترد ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ غلط معلومات یا قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی کی صورت میں ویزا منسوخ ہونے یا آسٹریلوی امیگریشن قانون کے تحت دیگر کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اس لیے آسٹریلیا میں روزگار کے لیے ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو درخواست دینے سے قبل اپنی اہلیت، متعلقہ ویزا کیٹیگری، پوائنٹس اور تمام لازمی دستاویزات کی مکمل تصدیق کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔