ہفتہ، 29-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/16هـ (29-08-2026م)

 ناظم آباد کے نجی اسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئی یا نہیں؟ الٹراساؤنڈ رپورٹ میں اہم انکشافات

29 اگست, 2026 15:25

کراچی: ناظم آباد میں نجی اسپتال سے مبینہ طور پر نومولود بچے کی گمشدگی کے معاملے میں اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جبکہ 24 سالہ خاتون کی الٹراساؤنڈ رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے جس میں حمل کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

جی ٹی وی نیوز کے مطابق 16 فروری 2026 کو نجی یونیورسٹی اسپتال میں تیار کی گئی الٹراساؤنڈ رپورٹ میں حمل کی تصدیق نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق مریضہ کو 13 ہفتوں سے ماہواری نہیں ہوئی تھی، تاہم الٹراساؤنڈ میں رحم کا سائز اور ساخت معمول کے مطابق پائی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دائیں اووری کا سائز بڑھا ہوا تھا اور وہ پولی سسٹک اووری جیسی دکھائی دے رہی تھی، تاہم یہ صورتحال حمل کی تصدیق نہیں کرتی۔

رپورٹ میں ماہواری نہ آنے کی دیگر ممکنہ وجوہات کی نشاندہی کرتے ہوئے حمل کی صورتحال جانچنے کے لیے سیرم بی ایچ سی جی ٹیسٹ تجویز کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضہ 27 اگست کو ایک مبینہ جعلی الٹراساؤنڈ رپورٹ لے کر اسپتال پہنچی، جس پر 8 اگست کی تاریخ درج تھی۔

انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ رپورٹ پر ڈاکٹر کے جعلی دستخط اور اسپتال کا جعلی لوگو بھی موجود تھا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضہ انتہائی تکلیف اور درد کی حالت میں اسپتال پہنچی تھی، جس کے باعث فوری طور پر آپریشن شروع کیا گیا اور اس وقت رپورٹ کی تفصیلات پر زیادہ توجہ نہیں دی جا سکی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران بچہ دانی کا سائز انتہائی چھوٹا پایا گیا، جس کے بعد مریضہ کے والد کو لیبر روم میں بلا کر صورتحال دکھائی گئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق والد یہ صورتحال دیکھ کر گھبرا گئے اور آپریشن روم سے باہر چلے گئے۔

مبینہ نومولود بچے کی گمشدگی کے معاملے میں سامنے آنے والی الٹراساؤنڈ رپورٹ اور اسپتال انتظامیہ کے دعووں نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ معاملے کی مکمل حقیقت سامنے لانے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔