اتوار، 30-اگست،2026
اتوار 1448/03/17هـ (30-08-2026م)

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، 83 نئے کیسز رپورٹ

30 اگست, 2026 14:15

خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہوگیا، رواں سال 478 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مشتبہ کیسز کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوگئی۔

محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

رواں سال کے دوران صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 2 ہزار 697 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 478 افراد میں ڈینگی وائرس کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ رواں سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی وجہ سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی : ناظم آباد اسپتال ڈرامے کا ڈراپ سین، خاتون کے حاملہ ہونے کا دعویٰ جھوٹا نکلا

محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 620 مشتبہ کیسز سامنے آئے، جن میں سے 83 افراد میں وائرس مثبت آیا۔

صوبے میں ڈینگی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر پشاور ہے، جہاں سب سے زیادہ 177 تصدیق شدہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کوہاٹ میں 151، بنوں میں 31، ہری پور میں 21 اور سوات میں 10 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے۔

ڈینگی وائرس کی روک تھام اور لاروا کے خاتمے کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں نے انسپکشن کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے بھر میں 2 لاکھ 46 ہزار سے زائد گھروں کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

پشاور میں گھروں کی انسپکشن کے دوران 600 مقامات پر ڈینگی لاروا مثبت پایا گیا۔ اس کے علاوہ آؤٹ ڈور لاروا کی افزائش کو روکنے کے لیے 22 ہزار سے زائد سائٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 304 مقامات پر ڈینگی کا لاروا موجود تھا،  جسے تلف کر دیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔