انتہائی مشکل حالات میں پمز کا چارج سنبھالا ہے، مشکلات کا مقابلہ کریں گے، ڈاکٹر محمد سلمان

پمز کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر مختلف شعبوں کے سربراہان کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز )پمز( کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی اسپتال کے مختلف شعبوں کے سربراہان کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا، جس میں پمز انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اس اجلاس کے فوراً بعد نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پمز اسپتال کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا تفصیلی دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
اسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں پمز اسپتال کا چارج سنبھالا ہے، تاہم وہ تمام مشکلات اور چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پمز نرسری آتشزدگی رپورٹ پبلک، وزیر اعظم نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 اعلیٰ افسران معطل کردیئے
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اسپتال میں آنے والے مریضوں کا تحفظ ان کی سب سے پہلی اور بنیادی ترجیح ہوگی۔
انکوائری اور تحقیقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انکوائری کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ پر فوری عملدرآمد ان کی ترجیح ہے۔ سانحہ پمز کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور وہ اس بات کو ہر صورت یقینی بنائیں گے کہ ایسا دلخراش واقعہ آئندہ کبھی نہ پیش آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر کی گئی معطلیاں اور اقدامات اسی لیے کیے گئے ہیں تاکہ انکوائری کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جا سکے، جبکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پمز پر مریضوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے اور وہ جلد اس مسئلے کا بھی کوئی مناسب حل نکالیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









