جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند

01 ستمبر, 2026 08:51

راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی، ریسکیو اداروں نے اطراف کی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کی ہدایت کر دی۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات 3 بج کر 20 منٹ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 28.5 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ وہاں خطرے کی آخری حد 20 فٹ مقرر ہے۔ اسی طرح گوالمنڈی میں پانی کی سطح 23 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ خطرے کی حد سے تجاوز کر چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جوابی کارروائی لازمی کی جائے گی، تاہم مذاکرات کی امید اب بھی باقی ہے، ٹرمپ

محکمہ موسمیات کی جانب سے لئی نالہ کے اطراف قائم آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور لئی نالہ میں پانی کی آمد کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

بارش کے اس اسپیل کے دوران راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں سب سے زیادہ 197 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 185 ملی میٹر، جبکہ اسلام آباد گولڑہ ای-11 میں 157 ملی میٹر اور پی ایم ڈی ایچ-8/2 میں 152 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں سیدپور ولیج میں 98، پیر ودھائی میں 86، جبکہ بوکرا آئی-12 اور کچہری کے قریب 72، 72 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو ندی نالوں اور پانی کے بہاؤ کے قریب جانے سے پرہیز کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔