منگل، 1-ستمبر،2026
منگل 1448/03/19هـ (01-09-2026م)

پنجاب میں کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کی سخت چیکنگ کا حکم

01 ستمبر, 2026 13:18

لاہور: ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی سخت چیکنگ کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے واضح کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کمرشل گاڑیوں کو پنجاب کی شاہراہوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محمد وقاص نذیر کے مطابق کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس کی چیکنگ کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق رواں ماہ پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد شہریوں کو کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق اسی دوران 3 ہزار 400 سے زائد شہریوں کو ریگولر کمرشل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

محمد وقاص نذیر نے کہا کہ بغیر لائسنس مال بردار اور مسافر گاڑیاں چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ڈرائیور کو بغیر لائسنس کمرشل گاڑی چلا کر انسانی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام سٹی ٹریفک افسران اور چیف ٹریفک افسران کو ہدایت کی ہے کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی چیکنگ ہر صورت یقینی بنائیں۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کو بھی ہدایت کی ہے کہ مال بردار اور مسافر گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس کی باقاعدگی سے جانچ کی جائے۔

ٹریفک پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ لائسنس کے بغیر کمرشل گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ٹریفک حکام کے مطابق کمرشل ڈرائیورز کے لیے لائسنس کی پابندی یقینی بنانے سے سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پاسداری کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔