جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

پنجاب کے 3 ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج اور پکی گلیوں کا مثالی گاؤں منصوبہ شروع

02 ستمبر, 2026 12:19

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کے 3 ہزار 500 سے زائد دیہات کی حالت بدلنے کے لیے مثالی گاؤں منصوبے کا آغاز کر دیا، جس کے تحت سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹس تیار کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہی علاقوں کی بحالی اور بہتری کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے مثالی گاؤں منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 3 ہزار 500 سے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کی تعمیر و مرمت کے پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔

حکومت نے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کام کو مؤثر بنانے کے لیے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں صفائی اور بنیادی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات جاری

دیہی پراجیکٹ کو کامیابی سے چلانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور دیگر مقامی متعلقین کو شامل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ صوبائی ارکان اسمبلی کو رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے تاکہ تمام ترقیاتی کام شفاف انداز میں اور وقت پر مکمل ہو سکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تمام دیہات کی گلیوں کو پکا اور خوبصورت بنایا جائے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات میں مبتلا نہیں دیکھ سکتیں، ہر گاؤں اور دیہات میں سیوریج اور پکی گلیوں کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہروں کی طرح دیہات کے لوگوں کا بھی تمام سرکاری وسائل پر پورا حق ہے اور مثالی گاؤں پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔