جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

رجسٹری کی کاپی آن لائن تلاش اور ڈاؤن لوڈ کرنے کا آسان طریقہ

03 ستمبر, 2026 10:30

رجسٹریشن آف ڈيڈز (ROD) پورٹل کے ذریعے شہری اپنی رجسٹری کا ریکارڈ آن لائن تلاش کرنے کے ساتھ اس کی کاپی بھی آسانی سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

رجسٹری تلاش کرنے کے لیے سب سے پہلے ROD پورٹل پر متعلقہ ضلع اور تحصیل کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد شناختی کارڈ نمبر، نام یا رجسٹری نمبر کے ذریعے مطلوبہ ریکارڈ تلاش کیا جا سکتا ہے۔

شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے خریدار، بیچنے والے یا کمیشن سے متعلق ریکارڈ تلاش کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح نام کے ذریعے بھی خریدار، بیچنے والے یا کمیشن کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں، جبکہ رجسٹری نمبر کے ذریعے براہ راست متعلقہ رجسٹری تلاش کی جا سکتی ہے۔

مطلوبہ معلومات درج کرنے کے بعد ’تلاش کریں‘ کے بٹن پر کلک کریں۔ اگر ریکارڈ پورٹل پر موجود ہوگا تو اس کی تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔

ROD پورٹل پر موجود ریکارڈ ضلعی رجسٹری ریکارڈز کے اسکین شدہ ڈیٹا سیٹس پر مشتمل ہے۔ اگر کسی شہری کی رجسٹری پورٹل پر دستیاب نہیں ہے تو وہ پورٹل کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کر سکتا ہے۔

رجسٹری کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو پہلے پورٹل کے لاگ اِن پیج پر جانا ہوگا۔ اگر پہلے سے اکاؤنٹ موجود نہیں تو ’رجسٹر کریں‘ کے بٹن پر کلک کرکے درست ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہوگا۔

رجسٹریشن کے بعد صارف کو اکاؤنٹ فعال کرنے کے لیے تصدیقی ای میل موصول ہوگی۔ ای میل میں موجود تصدیقی لنک پر کلک کرنے کے بعد اکاؤنٹ فعال ہو جائے گا اور صارف اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کر سکے گا۔

لاگ اِن کرنے کے بعد شہری مطلوبہ رجسٹری تلاش کرکے اس کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔ رجسٹری کی کاپی پرنٹ یا حاصل کرنے کے عمل کے دوران صارف کو چالان نمبر اور PSID فراہم کیا جائے گا۔

PSID کے ذریعے موبائل ایپلی کیشنز، جیسے جاز کیش اور ایزی پیسہ، کے ذریعے چالان کی ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ ادائیگی مکمل ہونے کے بعد رجسٹری کی کاپی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پورٹل پر رجسٹریشن اور ریکارڈ تلاش کرتے وقت درست معلومات فراہم کریں۔ غلط یا جعلی معلومات استعمال کرنے کی صورت میں اکاؤنٹ بلاک کیا جا سکتا ہے۔

اسی طرح ادائیگی بھی فراہم کردہ معلومات کے مطابق کی جائے گی، اس لیے رجسٹری کی تفصیلات درج کرتے وقت خصوصی احتیاط ضروری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔