میر رضا قتل کیس: چرس کی سگریٹ کے ذکر پر بزنس پارٹنر سے کمیشن کے سخت سوالات

کراچی: میر رضا قتل کیس سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی کارروائی شروع ہوگئی، جس کے دوران مقتول کے بزنس پارٹنر احمد بھردے سے کاروباری معاملات، میر رضا کے گھر جانے اور کمرے کی تلاشی سمیت مختلف امور پر تفصیلی سوالات کیے گئے۔ میر رضا کے کمرے میں موجود سگریٹ کے پیکٹس میں چرس ہونے کے دعوے پر کمیشن نے احمد بھردے سے پے در پے سخت سوالات بھی کیے۔
میر رضا کے اہلِ خانہ ان کے وکیل جبران ناصر کے ہمراہ کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، جبکہ سندھ حکومت کے فوکل پرسن، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، ایس ڈی پی او شارع فیصل ارشد آفریدی اور ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال بھی کارروائی میں موجود تھے۔
مقتول کے بزنس پارٹنر احمد بھردے اور عبداللہ، دوست رازق اور حیثم جبکہ میر رضا کو رائیڈز فراہم کرنے والے ڈرائیور احسان علی بھی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
بزنس پارٹنرشپ سے متعلق سوالات
کمیشن نے احمد بھردے سے پوچھا کہ وہ میر رضا کو کب سے جانتے ہیں، جس پر انہوں نے بتایا کہ وہ میر رضا کو بچپن سے جانتے تھے اور دونوں پہلی جماعت سے ساتھ تھے۔
ذاتی اور کاروباری تعلقات سے متعلق سوال پر احمد بھردے نے بتایا کہ وہ کالج کے زمانے میں بھی ساتھ رہے، ایونٹس میں شریک ہوتے رہے اور بعد ازاں کاروبار بھی شروع کیا۔ ان کے مطابق 2020 میں دونوں نے مشترکہ کاروبار شروع کیا، جس کے تحت ڈیزرٹ شاپ کی دو برانچز اور دو کلاؤڈ کچن قائم کیے گئے۔
کاروباری معاہدے کے بارے میں پوچھے جانے پر احمد بھردے نے بتایا کہ کاروبار شروع کرتے وقت پارٹنر ڈیڈ تیار کی گئی تھی اور دونوں مل کر تمام برانچز چلاتے تھے۔ ان کے مطابق میر رضا کا گھر بہادر آباد کے قریب تھا، اس لیے وہ کاروبار کے زیادہ تر معاملات وہیں سے دیکھتے تھے۔
احمد بھردے نے کمیشن کو بتایا کہ کاروبار اچھی طرح چل رہا تھا اور کوئی نقصان نہیں ہو رہا تھا۔ دونوں پارٹنرز نے طے کیا تھا کہ ذاتی اخراجات کے لیے روزانہ 5 ہزار روپے نکالے جائیں گے، جبکہ اضافی رقم کی ضرورت پڑنے پر دوسرے پارٹنر کو آگاہ کیا جاتا تھا۔
مالی معاملات کے بارے میں احمد بھردے نے بتایا کہ جولائی میں ایک اکاؤنٹنٹ مقرر کیا گیا تھا، اس سے قبل دونوں پارٹنرز خود کاروبار کے مالی معاملات دیکھتے تھے۔
کمیشن کے اس سوال پر کہ کیا کاروبار فروخت کرنے کا کبھی ارادہ تھا، احمد بھردے نے کہا کہ کاروبار فروخت کرنے کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا۔
میر رضا کے گھر جانے کا معاملہ
میر رضا کی گمشدگی کے دوران صبح 8 بجے ان کے گھر جانے سے متعلق سوال پر احمد بھردے نے بتایا کہ وہ اپنی کار میں میر رضا کے گھر گئے تھے۔ ان کے مطابق ان کے پاس ایک ہی گاڑی ہے جو ان کے والد کے نام پر ہے۔
کمیشن نے سوال کیا کہ کیا بیان میں دو گاڑیوں کا ذکر نہیں کیا گیا تھا؟ احمد بھردے نے وضاحت کی کہ دوسری گاڑی کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اسے پہلے ہی فروخت کیا جا چکا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عبداللہ بھی ان کے ساتھ تھا۔
مزید افراد کی موجودگی کے بارے میں کمیشن نے سوال کیا اور کہا کہ کمیشن کے پاس ایسا بیان موجود ہے جس کے مطابق مزید افراد بھی وہاں موجود تھے۔
احمد بھردے نے بتایا کہ وہاں پہنچنے پر منیجر شیری، کاظم، رازق اور حیثم بھی موجود تھے۔
میر رضا کے کمرے کی تلاشی پر سوالات
کمیشن نے پوچھا کہ میر رضا کی فیملی سے کیا بات کی گئی تھی۔ احمد بھردے نے بتایا کہ انہیں خیال آیا کہ شاید میر رضا کوئی نوٹ چھوڑ کر گئے ہوں، اس لیے انہوں نے اہلِ خانہ سے بات کی اور کہا کہ کمرہ چیک کیا جائے۔
کمیشن نے سوال کیا کہ کیا احمد بھردے کا میر رضا کے گھر آنا معمول تھا اور یہ بھی پوچھا کہ میر رضا کے کمرے میں کون کون گیا تھا۔
احمد بھردے نے بتایا کہ میر رضا کی والدہ، عبداللہ، رازق اور شیری کمرے میں گئے تھے۔ ان کے مطابق کمرے میں میر رضا کا والٹ، چارجر اور چابیاں موجود تھیں، جبکہ میر رضا عام طور پر اپنے ساتھ چارجر اور چابیاں رکھتے تھے۔
چرس کی سگریٹ کے ذکر پر سخت سوالات
احمد بھردے نے کمیشن کو بتایا کہ میر رضا شیلف میں سگریٹ کے پیکٹ رکھتے تھے اور ان میں کبھی چرس بھی ہوتی تھی۔
چرس کا ذکر سامنے آنے پر کمیشن نے احمد بھردے سے سوال کیا کہ انہوں نے یہ بات بتانا کیوں ضروری سمجھا۔ اس کے بعد کمیشن نے ان سے مسلسل سوالات کیے۔
احمد بھردے نے کہا کہ وہ کمیشن کے سامنے خود کو کلیئر کرنے کے لیے آئے ہیں۔
کمیشن نے سوال کیا کہ انہیں کیسے معلوم تھا کہ سگریٹ کے پیکٹس میں چرس ہوتی تھی اور کیا انہوں نے کبھی چرس دیکھی تھی۔ کمیشن نے یہ بھی پوچھا کہ کیا یہ مناسب نہیں تھا کہ میر رضا کی فیملی خود کمرے کی تلاشی لے لیتی۔
کمیشن نے احمد بھردے سے کہا کہ انہوں نے خود بہت اچھی طرح تلاشی لی اور سوال کیا کہ کسی کی ذاتی جگہ میں اس طرح جانا کیوں ضروری سمجھا گیا۔
کارروائی کے دوران کمیشن نے میر رضا کے کاروباری معاملات، گمشدگی کے وقت پیش آنے والے واقعات، ان کے گھر میں موجود افراد اور کمرے کی تلاشی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی سوالات کیے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











