شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس، عوامی سفری سہولیات میں مزید توسیع کا فیصلہ

لیاری میں ناقابلِ رہائش عمارتوں کو گرانا شروع کردیا ہے، شرجیل میمن
کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں عوامی سفری سہولیات کو مزید وسعت دینے اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پیپلز بس سروس کی توسیع، ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد، ای وی ٹیکسی سروس، پنک اسکوٹیز اور بی آر ٹی منصوبوں سمیت مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بہزاد میمن اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
شرجیل انعام میمن کو صوبے میں پیپلز بس سروس کے جاری آپریشنز اور مختلف شہروں تک سروس کی توسیع کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ قمبر شہدادکوٹ سے لاڑکانہ روٹ پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جارہی ہے جبکہ بسیں لاڑکانہ پہنچ چکی ہیں۔
اجلاس میں ڈبل ڈیکر بسوں کی آمد اور انہیں آپریشنل کرنے سے متعلق انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اس حوالے سے مختلف آپریشنل معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
ای وی ٹیکسی سروس کے آپریشنل ماڈل اور سروس کے آغاز کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ نئے روٹس پر بس سروس شروع کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا مقصد عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ 5 ستمبر کو میرپورخاص میں پنک اسکوٹیز تقسیم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں ضروری سرگرمیوں تک آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے پنک اسکوٹیز پروگرام ایک اہم قدم ہے۔
اجلاس میں بی آر ٹی منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شرجیل میمن نے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں جدید، محفوظ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ پیپلز بس سروس کی مختلف شہروں تک توسیع، الیکٹرک ٹرانسپورٹ کا فروغ اور بڑے بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل جامع ٹرانسپورٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









