جمعہ، 4-ستمبر،2026
جمعہ 1448/03/22هـ (04-09-2026م)

’زومبیز‘ کی اداکارہ کارلا جیفری 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

04 ستمبر, 2026 09:50

ڈزنی چینل کی مقبول فلم سیریز ’Zombies‘ میں چیئر لیڈر ’بری‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کارلا جیفری 33 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

اداکارہ کے انتقال کی تصدیق ان کی ایجنٹ کارلا الیگزینڈر نے کی، تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔

کارلا الیگزینڈر نے کارلا جیفری کو ایک پُرجوش، دلکش اور محبت کرنے والی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مسکراہٹ پورے کمرے کو روشن کر دیتی تھی۔ ان کے مطابق کارلا کی شخصیت اور صلاحیتیں ان سے وابستہ ہر فرد کے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گی۔

1993 میں ہیوسٹن میں پیدا ہونے والی کارلا جیفری نے محض 12 برس کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا۔ تقریباً دو دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد فلموں، ٹی وی سیریز اور دیگر پروجیکٹس میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کا پہلا اسکرین کریڈٹ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’Phat Girlz‘ تھا، جس میں انہوں نے اداکارہ مو نیک کے کردار کا کم عمر روپ ادا کیا۔

کارلا جیفری نے معروف کامیڈی سیریز ’Curb Your Enthusiasm‘ میں ’کیشا بلیک‘ کا کردار بھی نبھایا، جبکہ وہ ’iCarly‘، ’Good Luck Charlie‘، ’Shake It Up!‘، ’Scream Queens‘، ’Crazy Ex-Girlfriend‘، ’Suburgatory‘ اور ’American Vandal‘ سمیت متعدد مقبول ٹی وی شوز میں بھی نظر آئیں۔

تاہم ڈزنی کی ’Zombies‘ فلم سیریز نے انہیں وسیع پیمانے پر شہرت دلائی۔ انہوں نے میگ ڈونلی کے کردار ’ایڈیسن‘ کی بہترین دوست ’بری‘ کا کردار ادا کیا اور 2018 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم کے ساتھ اس کے دونوں سیکوئلز میں بھی اپنی اداکاری جاری رکھی۔ 2024 میں انہوں نے اسی کردار پر مبنی اینیمیٹڈ اسپن آف کے لیے اپنی آواز بھی فراہم کی۔

کارلا جیفری کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے ساتھی فنکاروں نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اداکار مائلو مینہائم نے انہیں اپنی زندگی میں ملنے والی ’سب سے پیاری شخصیات‘ میں سے ایک قرار دیا، جبکہ چینڈلر کنی نے انہیں ایک روشن اور پُراثر شخصیت کے طور پر یاد کیا۔ ٹریور ٹورڈج مین، بیبی ایریل اور دیگر فنکاروں نے بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈزنی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن نے بھی کارلا جیفری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور سخاوت کو سراہا اور ان کے اہلِ خانہ، ساتھی فنکاروں اور مداحوں سے تعزیت کی۔

کارلا جیفری کے پسماندگان میں ان کے جڑواں بھائی کارلون جیفری بھی شامل ہیں، جو خود بھی اداکار ہیں۔ کارلون جیفری ڈزنی کی سیریز ’A.N.T. Farm‘ میں کیمرون پارکس کا کردار ادا کر چکے ہیں۔ کارلا جیفری کی اچانک موت نے ان کے مداحوں اور شوبز سے وابستہ ساتھیوں کو سوگوار کر دیا ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔