نئی پاسپورٹ ایپلیکیشن کا نفاذ تیز کرنے کا حکم

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے نئی پاسپورٹ ایپلیکیشن کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی زیر صدارت تمام زونل ہیڈز کا اجلاس ہوا، جس میں پاسپورٹ دفاتر میں سکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
محمد علی رندھاوا نے تمام فیلڈ دفاتر میں آئی ٹی انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور نئی پاسپورٹ ایپلیکیشن کے نفاذ کا عمل تیز کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے شہریوں کو پاسپورٹ کی بہتر اور زیادہ شفاف سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔
اجلاس میں تمام پاسپورٹ ڈیٹا انٹری کاؤنٹرز پر ڈبل اسکرین سسٹم نصب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس نظام کے تحت درخواست گزار اپنی ذاتی معلومات خود اسکرین پر دیکھنے، ان کی تصدیق کرنے اور ضرورت پڑنے پر درستگی کی نشاندہی کرنے کے قابل ہوں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاسپورٹ دفاتر میں محفوظ اور منظم ماحول کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح داخلی و خارجی راستوں، مناسب ہنگامی انتظامات اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ عوام اور عملے کی حفاظت ممکن بنائی جاسکے۔
محمد علی رندھاوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہریوں کو بہتر، محفوظ، شفاف اور مؤثر پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کے لیے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر مؤثر اور بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










