غیر قانونی سموں کے خلاف کارروائی، 6 لاکھ افراد کا بائیومیٹرک ریکارڈ برآمد

PTA Issues Major SIM Warning
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انکشاف کیا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ساتھ مشترکہ کارروائیوں کے دوران 6 لاکھ افراد کے بائیومیٹرک ریکارڈ برآمد کیے گئے۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ سائبر کرائم حکام کے ساتھ مل کر 125 چھاپے مارے گئے، جن کے دوران 25 ہزار غیر قانونی سمیں برآمد اور 171 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بائیومیٹرک ریکارڈ عموماً اسی مقام سے لیک ہوتا ہے جہاں اسے محفوظ کیا جاتا ہے، جس کے باعث سکیورٹی فیچرز کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق گزشتہ ڈھائی سے تین سال کے دوران تقریباً 18 لاکھ سمیں بلاک کی گئی ہیں، جبکہ نادرا کے تعاون سے متعلقہ نظام کو اپ گریڈ کرنے پر بھی کام جاری ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ موبائل کمپنیوں کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا ہے۔ موجودہ نظام کے تحت ایک شناختی کارڈ پر پانچ سمیں فعال کی جاسکتی ہیں اور اس کے بعد اضافی سم جاری نہیں کی جاسکتی۔
اجلاس کے دوران خواجہ اظہار الحسن نے غیر قانونی سموں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذریعے دہشت گردی اور بھتہ خوری سمیت مختلف جرائم میں سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرون ملک، خصوصاً برطانیہ کی سمیں بھی مقامی سطح پر اشتہارات کے ذریعے فروخت کی جارہی ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے بھی مالیاتی فراڈ میں استعمال ہونے والے اکاؤنٹس پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بعض افراد اپنے بینک اکاؤنٹس بھی کرائے پر دیتے ہیں، حالانکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر فراڈ کی رقم منتقل کی جاسکتی ہے۔
وزیر مملکت نے زور دیا کہ پی ٹی اے کو ٹیلی کمیونیکیشن نظام کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں اور اسٹیٹ بینک کو بھی اضافی حفاظتی فیچرز متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق مؤثر سکیورٹی اقدامات کے بغیر ایسے جرائم کی روک تھام مشکل رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










