بلوچستان کے شہر بھاگ پر 40 دہشت گردوں کا حملہ، پولیس کی 2 گھنٹے جرات مندانہ مزاحمت، حملہ آور فرار

شہر بھاگ میں 40 کے قریب مسلح دہشت گردوں کا پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پر مربوط اور بڑا حملہ پولیس کی 2 گھنٹے کی جرات مندانہ مزاحمت سے ناکام بنا دیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع بولان کے شہر بھاگ میں دہشت گردوں کا ایک بڑا اور مربوط حملہ پولیس فورس کی بروقت اور جرات مندانہ مزاحمت کے باعث ناکام بنا دیا گیا ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق تقریباً 40 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، مشین گنز، اسنائپرز اور دستی بموں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن بھاگ، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پر بیک وقت حملہ کیا۔ دہشت گرد پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے کے ناپاک مقصد سے آئے تھے، تاہم وہ اپنے مقصد میں ناکام رہے۔
بھاگ پولیس کے بہادر جوانوں نے تقریباً 2 گھنٹے تک شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ان کی مؤثر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت 133 ارب روپے کی منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان
اس دفاع کے دوران پولیس اسٹیشن کی مضبوط حفاظتی دیوار نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ حملہ آور نیشنل بینک سے کسی قسم کی نقدی لوٹنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے، جبکہ بینک میں ان کی جانب سے نصب کی گئی آئی ای ڈی کو اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل یونٹ نے موقع پر پہنچ کر ناکارہ بنا دیا۔
دہشت گردوں کی اس اندھا دھند فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ 3 عام شہری بھی زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
اس بزدلانہ حملے کے بعد بھاگ کے عام شہریوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی فورس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور جوانوں کی بہادری کو سراہا۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









