پاکستان کو معاشی عروج و زوال کے چکر میں دوبارہ نہیں جانے دیں گے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو دوبارہ معاشی عروج و زوال کے چکر میں نہیں جانے دے گی اور پائیدار معاشی استحکام کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے نجی شعبے کے سرمائے کو متحرک کرنا ناگزیر ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) اور نجکاری کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں، جبکہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق نجکاری کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ترجیح دی جائے گی۔ پی پی پی ماڈل کے تحت بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات سے متعلق منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام مشکل فیصلوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے اور اب اسے مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا حکومت کی ترجیح ہے۔ توانائی، سرکاری اداروں، ٹیکس نظام اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ٹیکس وصولیوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران ایف بی آر کی آمدن میں 40 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی سروسز کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر رہیں، جن میں فری لانسرز کا حصہ 1.6 ارب ڈالر تھا۔ ان کے مطابق آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق ملکی اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر کی سطح پر برقرار ہیں، تاہم اس شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت معاشی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے لیے برآمدات، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا تاکہ ملک میں پائیدار ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور معاشی استحکام عارضی کے بجائے مستقل بنیادوں پر قائم رہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











