جمعرات، 3-ستمبر،2026
جمعرات 1448/03/21هـ (03-09-2026م)

پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 5 اہم معاہدوں پر دستخط

03 ستمبر, 2026 12:06

چین اور پاکستان کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے الیکٹرک گاڑیوں اور دیگر شعبوں میں 5 اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔

چین کے معروف صنعتی اور تجارتی شہر گوانگ ژو میں پانچویں پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ بزنس انوائرمنٹ ایکسچینج فورم کا انعقاد کیا گیا۔ اس فورم میں پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تجارتی روابط بڑھانے، نئی سرمایہ کاری کے راستے کھولنے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کئی اہم مواقع اور تجاویز پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس فورم کے دوران مختلف سیشنز کا اہتمام کیا گیا، جن میں اعلیٰ سطح کے پالیسی مذاکرات، تجارتی منصوبوں کی پیشکش، صنعتی معاہدے، دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان بی ٹو بی ملاقاتیں اور تجارتی مصنوعات کی نمائش شامل تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں واپسی، یو ایس ڈالر بینچ مارک یورو بانڈ کا اجرا شروع

فورم کی سب سے اہم کامیابی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری، بیٹری مینوفیکچرنگ، تعمیراتی سامان کی پیداوار، فرنیچر کی صنعت، پائن نٹس اور میڈیکل و بزنس ٹورازم جیسے اہم شعبوں میں 5 مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونا ہے۔ ان معاہدوں سے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو نئی رفتار ملے گی۔

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر منعقدہ اس فورم میں دونوں ممالک نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فورم میں سی پیک یعنی چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت صنعتی زونز کی قیام اور انفراسٹرکچر تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کو بھی نمایاں کیا گیا۔

اس کے علاوہ توانائی، ای کامرس، فوڈ پروسیسنگ، فرنیچر اور تعمیراتی شعبوں میں چینی تاجروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پیش کیے گئے جو دونوں ممالک کے معاشی مستقبل کو تقویت دیں گے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔