سانحہ گل پلازا: پولیس نے چالان عدالت میں جمع کرا دیا، مارکیٹ ایسوسی ایشن مرکزی ذمہ دار قرار

سانحہ گل پلازہ: آج ٹیکنیکل ٹیم آخری بار عمارت میں داخل ہوگی اس کے بعد عمارت سیل کر دی جائے گی، ڈپٹی کمشنر
کراچی: پولیس نے گل پلازا آتشزدگی کیس کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا، جس میں مارکیٹ کی ایسوسی ایشن کو واقعے کا مرکزی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں 87 گواہان کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گل پلازا میں فائر سیفٹی انتظامات اور مبینہ غفلت سے متعلق بھی اہم نکات سامنے لائے گئے ہیں۔
پولیس چالان کے مطابق تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت مختلف شواہد اکٹھے کیے گئے۔ فارنزک رپورٹ میں آتشزدگی کے مقام سے کسی قسم کا دھماکا خیز مواد برآمد ہونے یا اس کے آثار ملنے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
فارنزک رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے کسی قابلِ اشتعال مائع کے شواہد بھی نہیں ملے، تاہم بعض اشیا میں جلنے کے بعد باقی رہ جانے والے ذرات کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پولیس چالان میں گل پلازا انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور عمارت میں فائر سیفٹی کے انتظامات کا بھی تفصیلی ذکر کیا گیا ہے۔ تفتیشی رپورٹ میں دکانوں اور عمارت کے اندر موجود حفاظتی انتظامات سے متعلق مختلف افراد کے بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
چالان میں پولیس نے کے ایم سی، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کے خلاف کسی غفلت کا تعین نہ ہونے کا بھی ذکر کیا ہے۔
تفتیش کے دوران حاصل کیے گئے شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج، فارنزک رپورٹ اور گواہان کے بیانات کو چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پولیس نے کیس میں مزید قانونی کارروائی اور عدالتی احکامات کے لیے چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، جس کے بعد مقدمے کی آئندہ کارروائی عدالت کی جانب سے کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









