اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے تمام ایئر بیسز پر آج یومِ شہدا منایا گیا

07 ستمبر, 2026 15:08

پاک فضائیہ نے ملک بھر کے تمام ایئر بیسز پر 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا اور وطنِ عزیز کی خاطر قربانیاں دینے والے بہادر اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پاک فضائیہ نے ملک بھر میں موجود تمام ایئر بیسز پر روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ یومِ شہدا منایا۔ اس دن کو منانے کا مقصد پاک فضائیہ کے ان شہدا کی عظیم قربانیوں، شجاعت اور فرض شناسی کو سلام پیش کرنا ہے۔

دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا، معرکہِ حق کے بہادروں اور قیامِ پاکستان سے لے کر اب تک اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کے لیے خصوص دعاؤں اور قرآن خوانی سے ہوا۔

یہ بھی پڑھیں : 7 ستمبر 1965: پاک فضائیہ نے ایک ہی دن میں بھارت کے 31 طیارے تباہ کر دیئے

اس سلسلے میں مرکزی تقریب ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں سربراہِ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ایئر چیف نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیادی بنیاد ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ہمارے اسلاف کے کارنامے صرف تاریخ کے اوراق نہیں بلکہ ایک زندہ جاوید روایت ہیں، جو موجودہ نسل پر ایک بھاری ذمہ داری عائد کرتی ہیں۔

سربراہِ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ شہدا ہماری قومی غیرت اور عزم کی علامت ہیں اور وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔