1965 کی جنگ میں آپریشن دوارکا کی تاریخی فتح، آج ملک بھر میں یومِ بحریہ منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج یومِ بحریہ منایا جا رہا ہے، جو 1965 کی جنگ میں ‘آپریشن دوارکا’ کی تاریخی فتح اور پاک بحریہ کے شہدا کی یادگار ہے۔
پاکستان بھر میں 8 ستمبر کا دن یومِ بحریہ کے طور پر پاک بحریہ کے شہدا اور غازیوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد میں انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
ستمبر 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف محدود وسائل کے باوجود جس شجاعت، جرات اور بلند حوصلے کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا کو حیران کر دیا۔
جنگِ ستمبر کے دوران پاک بحریہ کے جری جوانوں نے تزویراتی حکمتِ عملی اپنائی اور سمندری سرحدوں کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔ اس جنگ میں پاک بحریہ کا سب سے نمایاں اور تاریخی کارنامہ ‘آپریشن دوارکا’ تھا، جس نے دشمن کی تمام بحری اور دفاعی منصوبہ بندی کو خاک میں ملا دیا۔
7 ستمبر 1965 کی شام نیول ہیڈ کوارٹرز سے ملنے والے ایک انتہائی خفیہ حکم کے تحت پاک بحریہ کا ٹاسک گروپ، جس میں پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہجہان اور ٹیپو سلطان شامل تھے، مکمل تیاری کے ساتھ دشمن کی حدود کی جانب روانہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : 7 ستمبر 1965: پاک فضائیہ نے ایک ہی دن میں بھارت کے 31 طیارے تباہ کر دیئے
اس مشن کی قیادت کمانڈر پاکستان فلیٹ کموڈور ایس ایم انور کر رہے تھے۔ تمام جہازوں نے تمام برقی مواصلاتی ذرائع اور ریڈار بند رکھ کر مکمل خاموشی کے ساتھ سفر کیا تاکہ دشمن کو کانوں کان خبر نہ ہو سکے۔
سخت سمندری حالات اور اعصاب شکن مراحل سے گزرتے ہوئے یہ جنگی جہاز 7 ستمبر کی رات مقررہ وقت پر بھارتی ساحلی شہر دوارکا سے صرف 6 میل کے فاصلے پر پہنچ گئے۔
8 ستمبر کی رات 12 بج کر 24 منٹ پر پاک بحریہ کے جہازوں پر ‘اللہ اکبر’ کی تکبیریں بلند ہوئیں اور جہازوں پر نصب توپوں نے دشمن کے ساحل پر آگ اگلنا شروع کر دی۔
پاک بحریہ کا بنیادی ہدف دوارکا میں واقع بھارت کا وہ اہم ریڈار اسٹیشن تھا، جو پاکستان کے شہروں پر حملے کرنے والے بھارتی طیاروں کو رہنمائی فراہم کرتا تھا۔
چند منٹوں کی شدید گولہ باری میں پاک بحریہ نے بھارتی ریڈار اسٹیشن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جس سے بھارتی ایئر فورس کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔
ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کے بعد پاک بحریہ کا تمام بیڑا بغیر کسی نقصان کے 8 ستمبر کی صبح محفوظ طریقے سے کراچی کے گشت کے مقام پر واپس پہنچ گیا۔
اس سرپرائز حملے نے بھارتی بحریہ پر ایسا خوف مسلط کیا کہ وہ پوری جنگ کے دوران اپنے ساحلوں تک محدود رہی۔ ‘آپریشن دوارکا’ نہ صرف ایک زبردست فوجی فتح تھی بلکہ یہ اس بات کا روشن ثبوت تھی کہ پاک بحریہ کے پاس سمندری سرحدوں کی حفاظت کا مکمل عزم اور صلاحیت موجود ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










