صرف 3 منٹ کی ورزش، صحت کے لیے حیران کن فوائد

Rising Heart Attacks Among Youth Linked to Diet
اگر آپ اپنی صحت بہتر بنانے اور مختلف دائمی امراض کے خطرے کو کم کرنا چاہتے ہیں تو روزانہ چند منٹ کی سخت ورزش کو معمول کا حصہ بنانا فائدہ مند ہوسکتا ہے۔
امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ صرف چند منٹ کی سخت ورزش، جیسے تیز دوڑ، جسم میں ایسے مثبت اثرات پیدا کرسکتی ہے جو طویل دورانیے کی معتدل ورزش کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔
راک فیلر یونیورسٹی میں کی جانے والی اس تحقیق میں 20 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکا کو پہلے 30 سیکنڈ تک دوڑنے کی سخت ورزش کرائی گئی، جبکہ بعد میں 23 منٹ تک معتدل جسمانی سرگرمی کروائی گئی۔
محققین نے ورزش سے پہلے، ورزش کے دوران، فوری بعد اور تین گھنٹے بعد شرکا کے خون کے نمونے حاصل کیے تاکہ جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا جاسکے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق چند منٹ کی سخت ورزش کے بعد مسلز، جگر، آنتوں، مدافعتی نظام اور دیگر اعضا سے متعلق ایسے مالیکیولز کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا جو صحت کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے برعکس طویل دورانیے کی معتدل ورزش کے بعد ان مالیکیولز میں اتنی نمایاں تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔
محققین کے مطابق مختصر دورانیے کی سخت ورزش جسم میں ایک نمایاں مالیکیولر ردعمل متحرک کرتی ہے۔ تحقیق کے دوران 700 سے زائد پروٹینز کی سطح میں تبدیلی دیکھی گئی، جن میں بعض ایسے پروٹینز بھی شامل تھے جو دل اور میٹابولک امراض کے خطرے سے منسلک ہیں۔
اس کے مقابلے میں طویل دورانیے کی ورزش کرنے والے افراد میں صرف چند پروٹینز کی سطح میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی۔
تحقیق میں یہ بھی مشاہدہ کیا گیا کہ سخت ورزش کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بعض جسمانی اثرات کئی ہفتوں تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ محققین کے مطابق آٹھ ہفتوں بعد بھی ان تبدیلیوں کے کچھ شواہد موجود تھے، جو اس ردعمل کے نسبتاً طویل عرصے تک برقرار رہنے کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ورزش مجموعی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے، تاہم مختلف نوعیت اور دورانیے کی ورزش جسم کے مختلف اعضا پر الگ اثرات مرتب کرسکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس تحقیق سے ورزش کے فوری بعد جسم میں ہونے والی مالیکیولر تبدیلیوں کو سمجھنے میں مدد ملی ہے، تاہم ہر شخص کے لیے سخت ورزش کی شدت اور دورانیہ یکساں نہیں ہوسکتا۔ اس لیے ورزش کا معمول اپنی عمر، صحت اور جسمانی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینا بہتر ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











