ایپل نے پرانے آئی فون استعمال کرنے والوں کیلئے مفت سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی کی سہولت میں توسیع کردی

ایپل نے پرانے آئی فون ماڈلز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مفت سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی کی آزمائشی سہولت میں مزید 12 ماہ کی توسیع کردی ہے۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق اس توسیع کا ذکر آئی فون 18 پرو سے متعلق دستاویزات میں سامنے آیا ہے۔ نئی توسیع کا فائدہ آئی فون 14 سے آئی فون 16 سیریز تک کے معاون ماڈلز استعمال کرنے والے صارفین کو ہوگا۔
ایپل کے مطابق جن معاون آئی فونز کو 9 ستمبر 2026 سے پہلے ایکٹیویٹ کیا گیا تھا، ان کے صارفین اضافی 12 ماہ تک بغیر کسی نئی سبسکرپشن فیس کے سیٹلائٹ سے متعلق ہنگامی سہولیات استعمال کرسکیں گے۔
اس سروس میں ایمرجنسی ایس او ایس سب سے اہم سہولت ہے۔ اس کے ذریعے ایسے وقت میں مدد طلب کی جاسکتی ہے جب عام موبائل نیٹ ورک دستیاب نہ ہو۔ صارفین سیٹلائٹ کے ذریعے پیغامات بھی بھیج سکیں گے۔
اس کے علاوہ فائنڈ مائی سروس کے ذریعے اپنی لوکیشن شیئر یا ٹریک کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ سڑک پر گاڑی خراب ہونے کی صورت میں صارفین کار سروس سپورٹ بھی حاصل کرسکیں گے۔ یہ سہولت خاص طور پر دور دراز علاقوں میں کارآمد ہوسکتی ہے۔
ایپل نے پہلی مرتبہ 2022 میں آئی فون 14 سیریز کے ساتھ سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس کی سہولت متعارف کروائی تھی۔ بعد میں کمپنی نے مختلف نئے آئی فون ماڈلز میں اس ٹیکنالوجی کو مزید وسعت دی۔
رپورٹس کے مطابق مفت آزمائشی سروس میں ہونے والی یہ توسیع مختلف آئی فون ماڈلز کے لیے الگ مدت میں سامنے آئی ہے۔ آئی فون 14 صارفین کے لیے یہ تیسری توسیع ہے۔ آئی فون 15 کے لیے دوسری جبکہ آئی فون 16 سیریز کے لیے پہلی توسیع کی گئی ہے۔
سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی ان علاقوں میں خاص اہمیت رکھتی ہے جہاں موبائل ٹاورز یا وائی فائی کی سہولت موجود نہیں ہوتی۔ ایسے حالات میں صارفین عام مواصلاتی ذرائع کے بجائے سیٹلائٹ کے ذریعے ضروری پیغام یا مدد کی درخواست بھیج سکتے ہیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












