طاہر محمود اشرفی کو ہیوبرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کو آپریشن 2026 مل گیا

لندن کے تاریخی لیمبتھ پیلس میں منعقدہ باوقار تقریب کے دوران پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو ’’ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ فار ریکنسیلی ایشن اینڈ انٹرفیتھ کوآپریشن 2026‘‘ سے نواز دیا گیا۔
یہ ایوارڈ آرچ بشپ آف کینٹربری سارہ مُلالی نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو امن، مفاہمت، اعتدال، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں پیش کیا۔
ایوارڈ کے ذریعے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی مکالمے کے فروغ اور انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف طویل عرصے سے جاری ان کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
آرچ بشپ آف کینٹربری کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق حافظ محمد طاہر محمود اشرفی رواں سال لیمبتھ ایوارڈز کی مختلف کیٹیگریز میں نمایاں خدمات کے اعتراف کے لیے منتخب ہونے والی اہم شخصیات میں شامل ہیں۔
ہیوبَرٹ والٹر ایوارڈ لیمبتھ ایوارڈز کا اہم حصہ ہے، جو مفاہمت اور بین المذاہب تعاون کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کئی دہائیوں سے مذہبی اور مسلکی برادریوں کے درمیان ہم آہنگی، باہمی احترام، اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حقوق اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ وہ مذہبی انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف بھی واضح مؤقف رکھتے ہیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اس سے قبل آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC) گلوبل پیس ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں اعزازات امن، ہم آہنگی، مکالمے اور بین المذاہب تعاون کے لیے ان کی خدمات کا بین الاقوامی اعتراف ہیں۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی مسلم ورلڈ لیگ کی سپریم کونسل کے رکن، انٹرنیشنل تنظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکریٹری جنرل اور انٹرنیشنل مسلم فورم کے رکن بھی ہیں۔ وہ متعدد بین الاقوامی اسلامی اور بین المذاہب اداروں کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔
لندن میں ملنے والے اس اعزاز کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے مذہبی ہم آہنگی، اعتدال، رواداری اور پُرامن بقائے باہمی کے لیے پاکستانی مذہبی رہنما کی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











