بروقت انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح اور آئینی ذمہ داری ہے، نوجوان ججز اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ریاست کے تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر اور احسن انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی عدالتیں ملک کے نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹس کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ضلعی عدلیہ انصاف کی فراہمی کا بنیادی ستون ہے، جس کی کارکردگی اور استعداد بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مقدمات کے جلد فیصلوں اور زیرِ التوا کیسز میں کمی کے لیے ضلعی عدالتوں کو ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ عدالتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ ساتھ اصلاحات پر بھی کام جاری ہے تاکہ مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام میں ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر، تیز اور جدید بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ مساوی اور مؤثر انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے اور سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کی آزادی، ادارہ جاتی مضبوطی اور عوام کا اعتماد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ ججز کو اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں ادا کرنے کے لیے مؤثر اور جدید نظام فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











