پیر، 21-ستمبر،2026
پیر 1448/04/10هـ (21-09-2026م)

اے آئی کی تیز رفتار ترقی پر تشویش، سیم آلٹمین نے رفتار کم کرنے کی حمایت کردی

15 ستمبر, 2026 11:43

مصنوعی ذہانت (AI) کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صلاحیتوں نے ایک بار پھر ماہرین کے درمیان ممکنہ خطرات کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔

اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین نے بھی بعض شعبوں میں اے آئی ماڈلز کی ترقی کی رفتار کم کرنے کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیم آلٹمین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی پیش رفت کو بعض شعبوں میں سست کرنا ضروری ہوسکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جدید ماڈلز تیزی سے نئی اور پیچیدہ صلاحیتیں حاصل کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اے آئی کمپنی اینتھروپک کے سی ای او ڈیریو اموڈی نے خبردار کیا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو مستقبل میں اسے انسانوں کے مؤثر کنٹرول میں رکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔

اے آئی کے غلط استعمال سے بڑے خطرات

ڈیریو اموڈی کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال سائبر حملوں اور حیاتیاتی دہشت گردی سمیت سنگین خطرات کا سبب بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اے آئی اب ایسی صلاحیتیں بھی حاصل کر رہا ہے جو اسے اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ ایسے میں اگر ٹیکنالوجی کی ترقی انسانی نگرانی اور سمجھ بوجھ سے آگے نکل گئی تو اس کے ممکنہ نتائج زیادہ پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔

اموڈی کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران اے آئی ٹیکنالوجی میں غیر معمولی تیزی سے پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کا خدشہ ہے کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو اے آئی سے چلنے والے نظام مستقبل قریب میں انٹرنیٹ کے بڑے حصے پر نمایاں اثر و رسوخ حاصل کرسکتے ہیں۔

معیشت میں بھی خلل کا خدشہ

اینتھروپک کے سربراہ نے خبردار کیا کہ اے آئی کی تیز رفتار ترقی کے اثرات صرف سکیورٹی تک محدود نہیں بلکہ اس کے نتیجے میں معیشت میں بھی بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوسکتا ہے۔

ان کے مطابق اے آئی کی دوڑ میں بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے تجارتی مفادات ممکنہ خطرات کو مزید سنگین بنا سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اے آئی کی ترقی کے ساتھ ساتھ اس کی حفاظت، نگرانی اور انسانی کنٹرول کے مؤثر نظام بھی تیار کرنا ضروری ہے۔ ٹیکنالوجی کی رفتار اور اس کے ممکنہ خطرات کے درمیان توازن قائم کرنا مستقبل میں اہم چیلنج بن سکتا ہے۔

اے آئی کے مستقبل پر جاری بحث نے اس سوال کو مزید اہم بنا دیا ہے کہ ٹیکنالوجی کو موجودہ رفتار سے آگے بڑھایا جائے یا حساس شعبوں میں اس کی رفتار اس وقت تک محدود رکھی جائے جب تک انسان ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے بہتر حفاظتی نظام تیار نہ کرلیں۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔