پیر، 28-ستمبر،2026
پیر 1448/04/17هـ (28-09-2026م)

عالمی منڈی میں تیل سستا ہوا تو فائدہ عوام تک پہنچائیں گے: علی پرویز ملک

28 ستمبر, 2026 08:57

لاہور: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آتے ہی وزیراعظم شہباز شریف اس کا فائدہ عوام تک منتقل کریں گے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم حکومت موجودہ صورتحال میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا عزم ہے کہ ایسے فیصلے کیے جائیں جو پاکستان کے وقار میں اضافہ کریں اور مشکل حالات میں عوام کو سہولت فراہم کریں۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی اس کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خام تیل کی قیمت اس وقت 114 ڈالر تک ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 114 ڈالر سے بڑھ کر 160 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

وزیر پٹرولیم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر کمی کرچکے ہیں۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ ملک میں 60 لاکھ سے زائد افراد نے اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں رجسٹرڈ کرائی ہیں۔ ان کے مطابق تقریباً 60 لاکھ افراد ایسے بھی ہیں جن کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں 20 سال پرانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل صورتحال میں وزیراعظم اور حکومت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے اقدامات جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر موجودہ نظام کو 10 ماہ تک جاری رکھنا پڑا تو حکومت اپنے بجٹ میں 400 سے 500 ارب روپے تک کمی کرکے یہ رقم عوام پر خرچ کرنے کی کوشش کرے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اور حکومت ایسے فیصلے نہیں کرے گی جن سے عوام پر مزید بوجھ پڑے۔

پی ٹی آئی پر تنقید

وفاقی وزیر پٹرولیم نے سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے بڑھ کر کسی فرد یا جماعت کی کوئی اہمیت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کرکے کسی شخص کو آزاد کرایا جاسکتا ہے تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ میاں نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسمبلی فلور پر محمود خان اچکزئی کو خط بھی لکھا تھا۔

انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا موجودہ وقت اس بات کا تقاضا نہیں کرتا کہ ہر شخص اپنے اپنے مورچے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داری بہتر انداز میں ادا کرے۔

انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا موجودہ حالات میں سہیل آفریدی کو شہداء کے خاندانوں کے پاس نہیں جانا چاہیے۔

وزیر پٹرولیم نے کہا کہ انہیں سب سے زیادہ تشویش اس بات کی ہے کہ موجودہ لاپروائی کے باعث ریاست کو کسی خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق اس صورتحال میں باہمی سیاسی لڑائیوں میں الجھنے کے بجائے قومی معاملات پر توجہ دینا ضروری ہے۔

علی پرویز ملک نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کا بھی حوالہ دیا اور بتایا کہ واقعے میں 13 سے 14 اموات ہوئیں جبکہ ریسکیو 1122 کی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بنوں اور دیگر علاقوں میں ہونے والی اموات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ریاستی اور قومی معاملات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔