سعودی عرب نے دباؤ اور دھمکیوں کیلئے آبی گزرگاہوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کو مسترد کر دیا

سعودی عرب کی کابینہ کے اجلاس میں خطے کی اہم آبی گزرگاہوں میں بحری جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ مسجد اقصی کے تقدس کی پامالی اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
سعودی عرب کی کابینہ کا ایک اہم اجلاس ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں خطے کی جیو پولیٹیکل صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آبنائے ہرمز، آبنائے باب المندب، بحیرہ احمر اور خلیج عدن جیسے اہم عالمی تجارتی راستوں میں بحری جہاز رانی کی مکمل آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت پر زور دیا گیا۔
کابینہ نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ ان اہم گزرگاہوں کو کسی بھی ملک کے خلاف دباؤ، دھمکی یا مفادات کو نقصان پہنچانے کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ، فروری سے پہلے کی طرح آبنائے ہرمز کی اصل صورتحال کو بحال کرنے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری فیس یا پابندیوں کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا خلیجی سلامتی کو سنجیدگی سے لے، سعودی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ سے خطاب
کابینہ نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی مرکز کے پروگراموں کے لیے مالی تعاون اور امداد فراہم کرنے کے عزم کو دہرایا تاکہ دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف عالمی کوششوں کو متحد کیا جا سکے۔
اجلاس میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ٹریٹی کی جنرل سیکریٹریٹ کے قیام کا خیرمقدم کیا گیا اور سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان طے پانے والے عسکری تعاون کے فیصلوں کی تحسین کی گئی، جو اجتماعی دفاع اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، علاقائی اور عالمی سیاسی صورتحال بالخصوص مشرق وسطیٰ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی کابینہ نے قابض اسرائیلی حکام اور انتہا پسند عناصر کی طرف سے مسجد اقصی کے مقدس مقامات کی توہین اور فلسطینی عوام کے حقوق کی پامالی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
کابینہ نے دوٹوک الفاظ میں اعادہ کیا کہ خطے میں ایک منصفانہ، پائیدار اور حقیقی امن کا حصول صرف اور صرف دو ریاستی حل کے نفاذ اور سنہ 1967ء کی سرحدوں پر ایک آزاد، خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام سے ہی ممکن ہے جس کا دارالحکومت مقبوضہ مشرقی القدس ہو۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












