پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیلئے نئی سہولت، آبائی ضلع جانے کی ضرورت نہیں

لاہور: پنجاب میں ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرادی گئی ہے، جس کے تحت اب لائسنس کی تجدید کے لیے اپنے آبائی یا سابقہ ضلع کا سفر ضروری نہیں ہوگا۔
نئی سہولت کے مطابق شہری پنجاب کے کسی بھی ضلع میں موجود ڈرائیونگ لائسنس سینٹر سے اپنے لائسنس کی تجدید کراسکیں گے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے نظام میں اس سہولت کے بعد ایسے افراد کو خاص طور پر فائدہ ہوگا جو ملازمت، کاروبار یا تعلیم کے باعث اپنے مستقل ضلع سے کسی دوسرے شہر میں رہائش پذیر ہیں۔
اس کے علاوہ شہری پنجاب کے کسی بھی ضلع میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی سہولت بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ متعلقہ اجازت ملنے کے بعد دوسرے شہر یا ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
پنجاب پولیس کے مطابق شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے قریبی لائسنسنگ سینٹر سے رجوع کرنے کی سہولت پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہے، جس کا مقصد مختلف شہروں میں موجود افراد کے لیے لائسنس سے متعلق خدمات آسان بنانا ہے۔
شہریوں کو درخواست کے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور سابقہ ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ دیگر ضروری تقاضوں کی معلومات متعلقہ مرکز سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اس سہولت سے شہریوں کے سفر، وقت اور اضافی اخراجات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









