ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

پیٹرول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھانے والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

03 اکتوبر, 2026 11:36

وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی۔

حکومت کے مطابق اب تک 75 لاکھ سے زائد شہری پیٹرول سبسڈی سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ اسکیم کے تحت جاری کیے گئے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ استعمال ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم پر ملک بھر میں عملدرآمد جاری ہے۔ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے اہل مالکان کو پیٹرول پر مالی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے مطابق اسکیم میں اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ ان میں سے 75 لاکھ سے زیادہ شہری سبسڈی حاصل کرچکے ہیں۔ ملک کے 129 اضلاع میں اسکیم جاری ہے۔ حکام کے مطابق تمام متعلقہ پیٹرول پمپس پر شہریوں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف دینا ضروری ہے۔ انہوں نے اسکیم پر عملدرآمد سے متعلق حکام کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ اہل شہریوں کو سہولت حاصل کرنے میں مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔

وزیراعظم نے اسکیم سے متعلق تیار کیے گئے ڈیٹا بیس کو مستقبل میں بھی عوامی سہولت کے لیے استعمال کرنے کی ہدایت کی۔ حکومت کی جانب سے اس اسکیم کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے چلایا جا رہا ہے تاکہ رجسٹریشن، ٹوکن اور سبسڈی کی فراہمی کا عمل ریکارڈ میں رہے۔

فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگچی اور رکشوں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے کا ٹوکن جاری کیا جاتا ہے۔ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جا رہی ہے۔ سرکاری معلومات کے مطابق چھوٹی گاڑیوں کو ہر 10 دن بعد 10 لیٹر تک پیٹرول پر یہ رعایت ملتی ہے۔

اسکیم کے آغاز کے بعد عوامی رائے کی بنیاد پر بعض تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ موٹر سائیکل اور رکشہ صارفین کے لیے پانچ لیٹر ایک ساتھ خریدنے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ ایسے صارفین کو ہفتے میں ایک بار 500 روپے کا ٹوکن ملتا ہے۔

حکومت نے اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل بھی نسبتاً آسان رکھا ہے۔ اہل شہری SMS کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ وزارت آئی ٹی کے مطابق رجسٹریشن کے بعد شہری 9771 پر مخصوص SMS بھیج کر فیول ٹوکن حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد پیٹرول پمپ پر ٹوکن کی تصدیق کرکے رعایتی قیمت پر پیٹرول حاصل کیا جاسکتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔