وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مذاکراتی کمیٹی کا مبینہ ڈرافٹ سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مذاکراتی کمیٹی کا ڈرافٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھی مطالبہ غیر آئینی نہیں ہے، ریاست ان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سماجی میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹی کو جو ڈرافٹ بھیجا گیا تھا وہ اب وہ پوری قوم کے سامنے رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی پوری قوم کو یہ علم ہونا چاہیے کہ اس ڈرافٹ میں شامل ایک بھی مطالبہ غیر آئینی یا غیر قانونی نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں دوسرے درجے کا شہری سمجھا جا رہا ہے اور ریاست کی جانب سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ان کے مطالبات تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
اس ڈرافٹ کے مطابق ملک میں سیاسی استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری عمل کے تسلسل، قومی یکجہتی، امن و امان کے قیام اور تمام سیاسی معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کرنے کے لیے چند اہم امور پر اتفاق رائے کیا جانا ضروری ہے۔
ڈرافٹ میں وزیراعظم پاکستان اور دونوں ایوانوں میں قائدین حزب اختلاف کے درمیان باقاعدہ ملاقات کا اہتمام شامل ہے تاکہ دو ماہ کے اندر اہم امور پر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کرنا چاہتی، طلال چوہدری
ڈرافٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم حکومتی اتحاد، پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے نمائندگان پر مشتمل ایک مشترکہ سیاسی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیں، جو ایک ماہ کے اندر تمام تنازعات کا حل تلاش کرے، جبکہ جمہوریت، سیاست، عدالت اور صحافت کی مکمل آزادی کو یقینی بنایا جائے۔
ڈرافٹ کے دیگر اہم نکات میں جیل مینول، آئین پاکستان اور مروجہ قوانین کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کو تمام قانونی، انسانی اور طبی حقوق بلاامتیاز فراہم کرنا شامل ہے اور ان کے علاج کے لیے ذاتی ڈاکٹروں کی رائے کو مدنظر رکھا جائے۔
اس کے علاوہ انہیں اپنے اہل خانہ اور وکلاء سے ملاقات کا حق دینے، خواتین اور بیمار قیدیوں کی درخواستوں پر 10 دن کے اندر غور کرنے اور بزرگ قیدیوں بشمول یاسمین راشد اور بشریٰ بی بی کو انسانی ہمدردی کے تحت جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں 72 گھنٹوں کے اندر اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی مرتب کریں اور ان تمام یقین دہانیوں کے بعد تحریک انصاف اپنا لانگ مارچ منسوخ کرنے کا اعلان کرے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








