کے پی میں دہشت گرد عمران خان لے کر آئے، صوبائی قیادت دہشت گردوں کی پارٹنر ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی قیادت دہشت گردوں کی پارٹنر ہے، پختونخوا میں دہشت گردی لانے کا سب سے بڑا حامی ان کا لیڈر عمران خان تھا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی میڈیا پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے جن معصوم شہیدوں کی آپ بات کر رہے ہیں، فوجی شہداء کی بات رہنے دیں کیونکہ آپ تو شہری شہداء کی اونر شپ لینے سے بھی انکاری ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ ذرا بتائیں کیا آپ کسی ایک سولین شہید کے گھر بھی فاتحہ کے لیے گئے ہیں؟ خواجہ آصف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ دہشت گردی ان کا لیڈر عمران خان پختونخوا میں لے کر آیا تھا اور وہ اس صوبے میں دہشت گردوں کو بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے، جس پر اسمبلی کی تقاریر اور میڈیا کا ریکارڈ گواہ ہے اور اس معاملے پر وہ ان کے ساتھ ٹیلی ویژن پر مناظرہ بھی کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا حکومت مذاکرات کے آخری مرحلے میں وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی، محسن نقوی
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ مرکز سے اقتدار جانے کے بعد ہر چیف منسٹر نے وفاق پر حملہ کیا ہے اور 9 مئی اس کے علاوہ ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پوری خیبر پختونخوا کی قیادت سرکاری مال خود بھی لوٹتی ہے اور دہشت گردوں کو بھتے کی صورت میں حصہ دیتی ہے، اس لیے آپ دہشت گردوں کے پارٹنر ہیں اور جو خون پختونخوا میں بہہ رہا ہے، آپ کے ہاتھ بھی اس خون سے رنگے ہوئے ہیں اور قوم کے ساتھ ساتھ خدا بھی آپ سے اس کا حساب لے گا۔
وفاقی دارالحکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ان کے وطن کی وحدت کا نشان اور وفاق کی علامت ہے جو پچیس کروڑ پاکستانیوں کی شناخت ہے اور ہمارے شہید اپنے مقدس خون سے اس کی آبیاری کرتے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم نے ایک سال قبل اپنے ازلی دشمن کا غرور مٹی میں ملا دیا ہے، پاکستانی عوام اور بہادر افواج اندرونی و بیرونی دشمنوں سے ٹکرانے کا حوصلہ رکھتی ہیں، انشاء اللہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








