پیر، 5-اکتوبر،2026
پیر 1448/04/24هـ (05-10-2026م)

امرتسر میں معروف میک اپ آرٹسٹ مد سندھو فائرنگ سے قتل، 2 حملہ آور فرار

05 اکتوبر, 2026 08:59

امرتسر: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں معروف پنجابی سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ مد سندھو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق مد سندھو کو ہفتے کی شام دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے نشانہ بنایا، جنہوں نے فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے شدید زخمی مد سندھو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ شام تقریباً 6 بجے پیش آیا اور متاثرہ شخص کو سڑک پر زخمی حالت میں پایا گیا۔

پولیس نے واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنا شروع کردیئے ہیں اور حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کے مطابق قتل کے محرکات جاننے کے لیے مد سندھو کے ذاتی، پیشہ ورانہ اور سوشل میڈیا روابط سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

واقعے کے بعد ’گولڈی ڈھلون‘ نامی فیس بک اکاؤنٹ سے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والی ایک پوسٹ بھی سامنے آئی، تاہم پولیس اس پوسٹ کی حقیقت اور اس کے پیچھے موجود افراد کا تعین کررہی ہے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعوے کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

مد سندھو کا اصل نام مدھوسودن بتایا جاتا ہے۔ وہ میک اپ اور فیشن کے شعبے سے وابستہ تھے اور سوشل میڈیا پر میک اپ، فیشن، لائف اسٹائل اور سماجی و ثقافتی موضوعات پر مواد شیئر کرتے تھے۔

انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز فیشن انڈسٹری سے کیا اور اسٹائلسٹ کے طور پر کام کرنے کے ساتھ فلمی منصوبوں میں اسسٹنٹ کاسٹیوم ڈیزائنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے اور نامعلوم حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد لی جارہی ہے۔

Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔