بدھ، 10-جون،2026
بدھ 1447/12/24هـ (10-06-2026م)

شدید گرمی کا انوکھا توڑ؛ شہری نے بغیر اے سی گھر کو کیسے ٹھنڈا کیا؟ جانیے

02 جون, 2026 11:27

دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور بجلی کے بڑھتے اخراجات نے لوگوں کو متبادل حل تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔

 ایسے میں بھارت کے شہر بنگلورو کے ایک شہری نے ایسا گھر تعمیر کیا ہے جو شدید گرمی میں بھی قدرتی طور پر ٹھنڈا رہتا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس گھر میں ائیر کنڈیشنر استعمال نہیں کیا جاتا، اس کے باوجود اندرونی ماحول باہر کے مقابلے میں کئی درجے ٹھنڈا محسوس ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ستیہ پرکاش وراناشی نامی شخص نے اپنے گھر کی تعمیر میں جدید مشینری کے بجائے قدرتی اور ماحول دوست طریقوں کو ترجیح دی۔ ستیہ پرکاش وراناشی نے گھر کو اس انداز سے ڈیزائن کیا کہ ہوا کا گزر بہتر ہو اور گرمی خود بخود کم محسوس ہو۔ یہی وجہ ہے کہ شدید موسم میں بھی گھر کا درجہ حرارت باہر کے مقابلے میں تقریباً 2 سے 3 ڈگری کم رہتا ہے۔

گھر کی تعمیر میں عام سیمنٹ کی دیواروں کے بجائے کھوکھلے مٹی کے بلاکس استعمال کیے گئے ہیں۔ یہ بلاکس گرمی کو جذب کرنے کے بجائے اندرونی ماحول کو معتدل رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ گھر میں بڑی کھڑکیاں اور سلائیڈنگ دروازے نصب کیے گئے ہیں تاکہ تازہ ہوا مسلسل اندر داخل ہوتی رہے اور گرم ہوا آسانی سے باہر نکل سکے۔

 

 

گھر کے اردگرد سرسبز باغیچہ بھی بنایا گیا ہے جس میں مختلف اقسام کے پودے اور پھول لگائے گئے ہیں۔ سبزہ ماحول کو ٹھنڈا رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس گھر کے اطراف قدرتی طور پر خوشگوار فضا قائم رہتی ہے۔

اس منفرد گھر کی ایک اور خاص بات فرانسیسی طرز کی بڑی کھڑکیاں ہیں۔ یہ کھڑکیاں نہ صرف قدرتی روشنی فراہم کرتی ہیں بلکہ ہوا کی روانی کو بھی بہتر بناتی ہیں۔ گھر کے اندر دن بھر روشنی رہتی ہے جس سے بجلی کی بچت بھی ممکن ہوتی ہے۔

ستیہ پرکاش وراناشی کے مطابق گھر کا پورا ڈیزائن تین بنیادی اصولوں پر مبنی ہے۔ ان میں کراس وینٹی لیشن، ڈسپلیسمنٹ وینٹی لیشن اور قدرتی ہوا کی مسلسل گردش شامل ہیں۔ ان اصولوں کی مدد سے گھر کے اندر ٹھنڈک برقرار رہتی ہے اور مصنوعی کولنگ کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔

انہوں نے پانی کے استعمال کو بھی ڈیزائن کا اہم حصہ بنایا ہے۔ گھر میں ایک چھوٹا تالاب اور کھلا کنواں موجود ہے جو ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ زیر زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کا تقریباً 15 ہزار لیٹر پانی ذخیرہ کرنے کا نظام بھی بنایا گیا ہے تاکہ پانی کا ضیاع نہ ہو۔

گھر کے اندرونی حصے میں بھی قدرتی مواد استعمال کیا گیا ہے۔ ری سائیکل شدہ لکڑی، گرینائٹ پتھر، ریڈ آکسائیڈ فرش اور لکڑی کے فرنیچر نے گھر کو منفرد اور دیہی طرز کا خوبصورت ماحول دیا ہے۔ اس کے ساتھ قدرتی چمنی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے جو گرم ہوا کو باہر نکالنے میں مدد دیتا ہے۔

ستیہ پرکاش وراناشی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ گھر اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کے آرام، صحت اور سکون کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا۔ آج یہ گھر نہ صرف توانائی کی بچت کی مثال بن چکا ہے بلکہ ماحول دوست تعمیرات کے حوالے سے بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔