مصر میں چلتے ٹرک سے 105 کلو چکن چوری، فلمی انداز کی واردات کی ویڈیو وائرل

مصر میں چلتے ہوئے تیز رفتار ٹرک سے چکن کے ڈبے چوری کرنے کی حیران کن واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے صارفین نے فلمی انداز کی ڈکیتی قرار دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق قاہرہ کی ایک شاہراہ پر تیز رفتاری سے سفر کرنے والے ٹرک سے تین افراد نے چکن کے ڈبے ایک پک اپ گاڑی میں منتقل کیے۔ واردات کے دوران ملزمان نے چلتی گاڑی کے پیچھے سے سامان اتار کر اپنی گاڑی میں منتقل کیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو ملزمان چلتے ہوئے ٹرک سے چکن کے ڈبے نکال کر ساتھ چلنے والی پک اپ گاڑی میں منتقل کررہے ہیں۔ اس غیر معمولی واردات نے سوشل میڈیا صارفین کی خاصی توجہ حاصل کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے واقعے کو ’’فلم کی طرح ڈکیتی‘‘ قرار دیتے ہوئے مشہور فلم سیریز ’’فاسٹ اینڈ فیوریس‘‘ کے ایکشن مناظر سے بھی اس کا موازنہ کیا۔
ٹرک ڈرائیور کے مطابق گاڑی ایک فیکٹری سے تقریباً چار ٹن چکن لے کر جارہی تھی۔ ڈرائیور کو دوران سفر چوری کا علم نہیں ہوا اور بعد میں معلوم ہوا کہ ٹرک سے 105 کلوگرام چکن غائب ہے۔
مصر کی وزارت داخلہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے بعد سیکیورٹی فورسز نے چھ مشتبہ افراد پر مشتمل ایک گروہ کی نشاندہی کی، جن کا مبینہ طور پر سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود تھا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ کارروائی کے نتیجے میں تین مشتبہ افراد ہلاک جبکہ دیگر تین کو گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان سے چوری اور دیگر مبینہ جرائم کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












