23 ستمبر سے دن چھوٹے اور راتیں طویل ہونا شروع، بڑی موسمی تبدیلی آگئی

23 ستمبر سے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں موسم کے ساتھ دن اور رات کے دورانیے میں بھی تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
موسم خزاں کے آغاز کے ساتھ شمالی نصف کرّے میں اب دن کا دورانیہ بتدریج کم جبکہ راتیں طویل ہوتی جائیں گی۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ سورج کی روشنی کا دورانیہ کم ہونے کا یہ سلسلہ سردیوں کے آغاز تک جاری رہے گا۔
22 ستمبر کو دنیا کے مختلف حصوں میں دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر رہا، جس کے بعد شمالی نصف کرّے میں دن بتدریج چھوٹے اور راتیں طویل ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
پاکستان سمیت مختلف ممالک میں دن کے دورانیے میں اس کمی کے ساتھ موسم میں بھی بتدریج تبدیلی آتی ہے۔ دن کے وقت گرمی کی شدت کم ہونے لگتی ہے جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں موسم نسبتاً خنک محسوس ہونا شروع ہوجاتا ہے۔
سال میں کتنی بار دن اور رات برابر ہوتے ہیں؟
دن اور رات کا دورانیہ سال میں دو مرتبہ تقریباً برابر ہوتا ہے۔ یہ عمل ایک مرتبہ موسم بہار کے آغاز پر مارچ میں جبکہ دوسری مرتبہ موسم خزاں کے آغاز پر ستمبر میں ہوتا ہے۔
دن رات کے دورانیے میں تبدیلی کیوں آتی ہے؟
دن اور رات کے دورانیے میں تبدیلی زمین کے سورج کے گرد گردش کرنے اور اس کے اپنے محور پر تقریباً 23.5 ڈگری جھکاؤ کی وجہ سے ہوتی ہے۔
موسم بہار اور موسم خزاں کے آغاز کے دوران زمین کا محور سورج کے حوالے سے ایسی پوزیشن میں ہوتا ہے کہ سورج کی روشنی خطِ استوا کے قریب براہِ راست پڑتی ہے، جس کے باعث دنیا کے بیشتر حصوں میں دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہوجاتا ہے۔
اس کے بعد زمین کی گردش کے ساتھ شمالی اور جنوبی نصف کرّوں میں سورج کی روشنی کے دورانیے میں فرق بڑھنے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں کہیں دن طویل اور کہیں راتیں زیادہ ہونے لگتی ہیں۔
Catch all the دلچسپ و عجیب News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











