مفت پنک اسکوٹیز حاصل کرنے کی خواہشمند خواتین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

Great news has arrived for women wishing to get free pink scooters
محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے خواتین کیلئے محفوظ اور آسان سفر کی سہولیات بڑھانے کیلئے ایک اور بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
سندھ حکومت نے مزید 1000 پنک الیکٹرک اسکوٹیز خریدنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ خواتین کو روزمرہ سفر میں بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنانے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات دینے سے متعلق مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
حکام کے مطابق پنک الیکٹرک اسکوٹیز منصوبے کا مقصد خواتین کو خودمختار بنانا اور انہیں محفوظ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت خواتین کو ماحول دوست الیکٹرک اسکوٹیز دی جائیں گی تاکہ وہ تعلیم، ملازمت اور دیگر ضروری کاموں کیلئے آسانی سے سفر کر سکیں۔
شرجیل میمن نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پنک اسکوٹیز کی رجسٹریشن میں موجود تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے اور خواتین کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں سندھ کے مختلف شہروں میں انٹر سٹی پیپلز بس سروس شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ابتدائی مرحلے میں لاڑکانہ، حیدرآباد، دادو، سیہون اور دیگر اضلاع میں نئی بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ خیرپور سے روہڑی اور خیرپور سے رانی پور تک نئے روٹس بھی جلد فعال کیے جائیں گے۔ کراچی کیلئے آئندہ چند ماہ میں نئی بسوں کی مزید کھیپ بھی پہنچنے والی ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کی سہولت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو عالمی معیار کی سستی اور محفوظ ٹرانسپورٹ فراہم کرنا سندھ حکومت کا اہم مقصد ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










