ہفتہ، 30-مئی،2026
ہفتہ 1447/12/13هـ (30-05-2026م)

بجٹ 2026-27؛ تنخواہوں میں کتنا اضافہ ہوگا؟ سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

30 مئی, 2026 12:56

وزارت خزانہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ بجٹ فائنل کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کو بھی دفاتر کھلے رکھے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ کا مجموعی حجم تقریباً 19 کھرب روپے تک جانے کا امکان ہے۔ معاشی ترقی کے لیے شرح نمو کا ہدف 4.1 فیصد مقرر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ ٹیکس وصولی کا ہدف 15 ہزار 500 ارب روپے سے زیادہ رکھا جا سکتا ہے۔

معاشی ذرائع کے مطابق مہنگائی کی شرح آئندہ مالی سال میں 8.4 فیصد تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسی طرح پیٹرولیم لیوی سے تقریباً 1 ہزار 727 ارب روپے حاصل کرنے کی تجویز ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کا حجم 1100 ارب روپے رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے سب سے بڑا حصہ یعنی 7 ہزار 824 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ دفاعی اخراجات کے لیے 2 ہزار 665 ارب روپے رکھے جا سکتے ہیں۔ نان ٹیکس آمدن کا ہدف تقریباً 2768 ارب روپے متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور پنشنرز کو 7 فیصد تک ریلیف دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پرائمری سرپلس کا ہدف 2 ہزار ارب روپے تک رکھا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے اخراجات کم کرنے کے لیے وفاقی اداروں کی تنظیم نو (رائٹ سائزنگ) پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ پاور سیکٹر میں نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی حکمت عملی بھی زیر غور ہے۔

ایف بی آر ذرائع کے مطابق نان فائلرز کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیکس نظام کو بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ایک نیا سادہ ٹیکس ریٹرن فارم بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔