جمعرات، 4-جون،2026
جمعرات 1447/12/18هـ (04-06-2026م)

پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

04 جون, 2026 13:25

پاکستان کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں یہ خسارہ 34 ارب 75 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔

ادارہ شماریات نے پاکستان کی بیرونی تجارت کے نئے اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں، جس کے مطابق ملک کا تجارتی خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

رواں مالی سال کے جولائی سے مئی تک کے 11 ماہ میں تجارتی خسارہ 34 ارب 75 کروڑ ڈالر سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس عرصے کے دوران ملک کی مجموعی برآمدات 27 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہیں جبکہ درآمدات کا حجم 62 ارب 66 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی شراکت داروں کا ویانا میں اعلیٰ سطحی اجلاس

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی 11 ماہ کے مقابلے میں برآمدات میں 5.61 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ درآمدات میں 5.94 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال ان 11 ماہ میں برآمدات 29 ارب 56 کروڑ ڈالر اور درآمدات 59 ارب 14 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی تھیں۔

دوسری جانب ماہانہ بنیادوں پر کچھ مثبت تبدیلیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ اپریل کے مقابلے میں مئی کے مہینے میں برآمدات میں 9.59 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ درآمدات میں 21.55 فیصد کی نمایاں کمی ہوئی۔

اسی طرح اگر گزشتہ سال کے مئی کے مہینے سے موازنہ کیا جائے تو اس سال مئی میں برآمدات میں 1.26 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے اور درآمدات میں 6.63 فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔