فنانس ایکٹ 2026؛ درآمدی گاڑیوں پر خصوصی ایکسائز ڈیوٹی کا نفاذ شروع کردیا گیا

Enactment of Finance Act 2026; Which vehicles will be cheap and which will be expensive?
وفاقی حکومت نے فنانس ایکٹ 2026 کے تحت درآمدی گاڑیوں پر نئی خصوصی ایکسائز ڈیوٹی نافذ کر دی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے شروع ہو گیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بعض چھوٹی اور کم قیمت الیکٹرک گاڑیوں کی قیمت میں کمی آ سکتی ہے، جبکہ مہنگی لگژری کاریں، بڑی ایس یو ویز (SUVs) اور زیادہ انجن گنجائش والی گاڑیاں لاکھوں بلکہ بعض صورتوں میں کروڑوں روپے تک مہنگی ہو سکتی ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اس حوالے سے ایس آر او 1072(I)/2026 جاری کر دیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق خصوصی ایکسائز ڈیوٹی کسٹمز کلیئرنس کے وقت دیگر درآمدی ڈیوٹیز کی طرح وصول کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد درآمدی پالیسی کو مزید منظم بنانا اور ٹیکس نظام میں اصلاحات لانا ہے۔
حکومت کے ٹیرف ریشنلائزیشن پلان کے تحت کچھ درآمدی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی میں کمی بھی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کا فائدہ خاص طور پر ان الیکٹرک گاڑیوں کو مل سکتا ہے جن کی قیمت 75 ہزار امریکی ڈالر تک ہے۔ ایسی مکمل تیار شدہ الیکٹرک کاریں اور الیکٹرک ایس یو ویز نئی خصوصی ایکسائز ڈیوٹی سے مستثنیٰ رکھی گئی ہیں۔ اسی وجہ سے ان گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے، جس سے ماحول دوست گاڑیوں کے استعمال کو فروغ مل سکتا ہے۔
دوسری جانب مہنگی درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس کا بوجھ نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق 75 ہزار سے 110 ہزار امریکی ڈالر مالیت والی درآمدی الیکٹرک گاڑیوں اور ایس یو ویز پر 30 فیصد خصوصی ایکسائز ڈیوٹی عائد ہوگی۔ جبکہ 110 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ قیمت والی الیکٹرک گاڑیوں پر یہ شرح بڑھا کر 40 فیصد کر دی گئی ہے۔
اسی طرح 2000 سی سی سے 3000 سی سی تک انجن رکھنے والی تمام درآمدی گاڑیوں، ایس یو ویز، اسٹیشن ویگنز، ڈبل کیبن پک اپس اور ریسنگ کاروں پر 86 فیصد خصوصی ایکسائز ڈیوٹی لاگو کر دی گئی ہے۔ 3000 سی سی سے زیادہ انجن والی گاڑیوں پر یہ شرح 92 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جو اس وقت سب سے زیادہ ٹیکس شرح سمجھی جا رہی ہے۔
آٹو مارکیٹ سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حکومت نے بجٹ میں کچھ گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی کم کی ہے، لیکن نئی خصوصی ایکسائز ڈیوٹی کے باعث مہنگی درآمدی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگا۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










